اسد قیصرکا فضل الرحمان سے رابطہ، سیاسی صورتحال اور حکومت سازی کے عمل پر تبادلہ خیال

جعلی حکومت کے خلاف منظم عوامی جدوجہد وقت کی اہم ضرورت ہے، اسد قیصر کی بات چیت

منگل 16 اپریل 2024 17:26

اسد قیصرکا فضل الرحمان سے رابطہ، سیاسی صورتحال اور حکومت سازی کے عمل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی صورتحال اور حکومت سازی کے عمل پرتبادلہ خیال کیا گیا۔رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ قائد جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی جس میں سیاسی صورتحال اورحکومت سازی کے عمل پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

گفتگو میں جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے درمیان رابطوں کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اپنے بیان میں اسد قیصر نے کہا کہ گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کو عید کی مبارکباد دی جبکہ سربراہ جے یو آئی کو حکومت کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔اسد قیصر نے کہا کہ دونوں جماعتیں حکومت سازی کے موجودہ عمل کو مسترد کرتی ہیں، عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر جعلی حکومت بنائی گئی، جعلی حکومت کے خلاف منظم عوامی جدوجہد وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ جدوجہد کے حوالے سے پی ٹی آئی اورجے یو آئی میں فکری ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ قانون کی بالادستی پر یقین رکھنے والوں کو تحریک تحفظ دستور کے پلیٹ فارم پر سیاسی جدوجہد کرنی چاہیے۔