سانگھڑ ضلع پولیس کی کارروائیاں، 4 منشیات فروشوں سمیت 6 ملزمان گرفتار

منگل 16 اپریل 2024 18:11

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) سانگھڑ ضلع پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 4 منشیات فروشوں سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات مطابق ایس ایس پی سانگھڑ اعجاز احمد شیخ کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کاروائیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او سنجھورو محمد علی زرداری نے ماتحت عملے کے ہمراہ ایک بڑی اور کامیاب کاروائی کرتے ہوئے منشیات فروش وسیم لغاری کی دیسی شراب کشید کرنے والی بھٹی پر چھاپہ مار کر 130 لیٹر تیار شراب برآمد کرلی جبکہ غیر تیار شدہ شراب کو موقع پر تلف کرکے بھٹی کو مسمار کردیا۔

اس کے علاوہ ایس ایچ او ٹنڈوآدم غلام شبیر ڈھلوانی نے منشیات فروش امبھیو بھیل کو گرفتار کرکے 50 گرام ہیروئن برآمد کرلی۔ اس کے علاوہ دیگر دو کاروائیوں میں منشیات فروشوں وقار علی شورو اور اکرم فہیم کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 330 پڑیاں ممنوعہ مضر صحت گٹکے کی برآمد کر لیں، تمام منشیات فروشوں کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ایس ایچ او شہدادپور نیاز حسین کلہوڑو نے موٹر سائیکل لفٹرحیات رند کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کرلی۔