چند ماہ کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف پیشرفت ہوگی، سعودی وزیر خارجہ

پاکستانی حکام سے سرمایہ کاری کے مواقع پر بات ہوئی، ہم دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری بڑھائیں گے، پاکستان کی معاشی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔ شہزادہ فیصل بن فرحان کی مشترکہ پریس کانفرنس میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 16 اپریل 2024 17:40

چند ماہ کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف پیشرفت ہوگی، سعودی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اپریل 2024ء ) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ چند ماہ کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف پیشرفت ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ان کے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، جہاں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ شہزادہ فیصل بن فرحان کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، سعودی وفد کا پرتپاک استقبال کرکے بہت خوشی ہورہی ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے مشکور ہیں، پاکستان اور سعودی عرب میں مختلف شعبوں سے متعلق تبادلہ خیال ہوا، پاکستانی حکومت اور عوام میں سعودی عرب کے لیے بہت احترام ہے، سعودی عرب کی جانب سے بڑی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے آئی ٹی، معدنیات،زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری پر بات ہوئی، سعودی سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کریں گے، سعودی عرب کو باضابطہ طور پر آئی سی ایف سی سے متعلق آگاہ کیا، پاکستان میں سرمایہ کاری کے موقع سے سعودی عرب بھرپور استفادہ کرے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ پاکستانی حکام سے سرمایہ کاری کے مواقع پر بات ہوئی، ہم دورہ پاکستان پر شاندار استقبال کیلئے مشکورہیں، پاکستانی حکام سے تعمیری گفتگو ہوئی، جلد پاکستان میں سرمایہ کاری میں پیشرفت ہوگی، دورہ پاکستان ہمارے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہم دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری بڑھائیں گے اور پاکستان کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی کروائے، ہمیں اپنے خطے میں مزید کسی لڑائی کی ضرورت نہیں ہے، غزہ میں 33 ہزار سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں، غزہ میں بھوک اور افلاس ہے، بین الاقوامی سسٹم مکمل طور پر فیل ہوچکا ہے، غزہ میں امدادی سامان روکنے کی کوئی وجہ نہیں ہونی چاہئے، عالمی برادری اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہی، غزہ پر دنیا کا دوہرا میعار سب کے سامنے ہے، جنگ بندی کیلئے تمام کوششیں بے سود رہی ہیں، فلسطین میں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں، عالمی برادری کو جاگنا چاہئے۔