کاروباراورسرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں،محمد اورنگزیب

ملک میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کوہرقسم کی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنایاجائے گا،واشنگٹن میں عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدور سے ملاقات میں گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 17 اپریل 2024 11:53

کاروباراورسرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں،محمد ..
واشنگٹن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اپریل2024 ء) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کاروباراورسرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں،ملک میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کوہرقسم کی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنایاجائے گا۔واشنگٹن ڈی سی میں عالمی بینک کے صدراجے بنگا، ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدرمساتوگوآساکاوا اورڈولپمنٹ فنانس کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹوآفیسرسکاٹ ناتھن سے ملاقاتوں میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبہ کی سرمایہ کاری اور پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی صلاحیت واستعداد سے فائدہ اٹھانے کیلئے مالیات کے جدیدماڈلز کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔

عالمی بینک اورایشیائی ترقیاتی بینک ملک کی سماجی واقتصادی ترقی میں اہم کرداراداکررہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیرخزانہ نے کہاکہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کاکلیدی ترقیاتی شراکت دار ہے اور ملک کی سماجی واقتصادی ترقی میں بینک نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعاون کیاہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدرسے ملاقات میں وزیر خزانہ نے ملکی ترقی اورسماجی خوشحالی میں عالمی بینک کے کردار اورتعاون کوسراہا۔

ملاقات میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کومضبوط بنانے اورعایتی فنانسنگ ومستقبل کے منصوبوں کیلئے فنڈز کی فراہمی سے متعلق امورپرتوجہ مرکوز کی گئی۔محمد اورنگزیب نے عالمی بینک سے صدر سے ملاقات کے دوران انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔عالمی بینک کے صدر کوسٹینڈبائی معاہدے کے تحت معیشت کی پائیدارنمو، ٹیکس، توانائی اورنجکاری کے حوالہ سے اصلاحات کے بارے میں بھی بتایا۔فریقین نے 10 برسوں کیلئے رولنگ کنٹری فریم ورک پلان سے اتفاق کیا۔عالمی بینک کے صدر نے معیشت کے استحکام اورمحصولات میں اضافہ کیلئے اصلاحات اورڈیجیٹلائزیشن کے پروگرام کے ضمن میں اپنی مکمل حمایت کایقین دلایا۔