محکمہ زراعت پنجاب کی بارشوں کے دوران فصلوں کی دیکھ بھال کے لئے سفارشات جاری

بدھ 17 اپریل 2024 15:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) محکمہ زراعت پنجاب کی بارشوں کے دوران فصلوں کی دیکھ بھال کے لئے سفارشات جاری کر دیں۔ اس ضمن میں ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بدھ کو جاری بیان میں کہا ہے کہ بارشوں اور آندھی کے باعث گندم ،مکئی اور چارے کی فصلیں متاثر ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے لہذا کاشتکار اپنی فصلوں کی دیکھ بھال کے لئے ریڈیو اور ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے موسمی پیغامات کو توجہ سے سنیں اور اگر بارش یا آندھی کا خطرہ ہو تو گندم کی کٹائی روک دیں اور کٹی ہوئی گندم کو ترپال یا شیٹ سے ڈھانپ دیں۔

انہوں نے کہا کہ بارش رکنے کے بعد گیلی گندم کو چبوترے پر ڈال کر دھوپ لگوائیں۔ امسال بارشیں معمول سے زیادہ ہوئی ہیں نیز درجہ حرارت بھی کم رہا ہے اس لئے کاشتکار گندم کی کٹائی فصل کے پوری طرح پکنے پر شروع کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کاشتکار گندم کی کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹّوں کا رُخ اوپر کی طرف رکھیں۔کھلواڑے چھوٹے رکھیں اور اونچے کھیتوں میں کھلیان لگائیں اور پانی کی نکاسی کے لئے اردگرد کھالی بنائیں۔

ترجمان نے کہا کہ گندم کی کٹائی کے لئے سب سے بہترین مشین کمبائن ہارویسٹر ہے جس کے استعمال سے کافی حد تک پیداوار کے ہونے والے نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ مکئی کے کاشتکاراپنے کھیتوں سے بارش کا پانی ساتھ موجود خالی کھیت میں منتقل کریں تا کہ مرطوب موسم کے باعث مکئی کے پودے مرنے سے محفوظ رہیں نیز مرطوب موسم میں مکئی کے پودوں پر کیڑے مکوڑوں اور بیماریوں کا خطرہ بھی موجود ہوتا ہے اس لئے کاشتکار محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے انتظامات کریں۔چارے کی فصلوں سے بھی پانی خالی کھیتوں میں یا فصل کے اردگرد کھائی کھود کر زائد پانی کو کھائی میں منتقل کر دیں۔