پاکستان اورویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز، ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی، پہلا ون ڈے میچ (کل) کھیلا جائیگا

بدھ 17 اپریل 2024 16:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے (کل) جمعرات کو کراچی میں کھیلا جائے گا، ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔ویسٹ انڈین ٹیم نے سیریز کے آغاز سے قبل آخری ٹریننگ سیشن میں بھی بھرپور جان ماری جبکہ پاکستان ٹیم کی صرف 5 کھلاڑیوں نے پریکٹس کی جن میں عالیہ ریاض، ندا ڈار، نتالیہ پرویز، سدرا نواز اور بسمہ معروف شامل تھیں۔

(جاری ہے)

پریکٹس کے بعد ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی ہوئی، دونوں ٹیموں کی کپتان ندا ڈار اور ہیلی میتھیوز سے ٹرافی کے ہمراہ ویڈیو اور تصاویر بنوائیں۔کپتان ندا ڈار نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہونے کی وجہ سے بہت اہمیت کی حامل ہے، سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر سیریز ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان ٹیم کی بیٹر چھکے نہیں مارتیں، گزشتہ سیریز میں چھکے لگا کر کامیابی حاصل کی تھی۔پاکستان کے دورے پر آئی ویسٹ انڈیز ٹیم کی کپتان ہیلی میتھیوز نے کہاکہ پاکستان اب تجربہ کار ٹیم بن چکی ہے، سیریز اچھی ہو گی۔