پاکستان کے دو اسکواش پلیئرز سامان نہ پہنچنے پر آئرلینڈ میں پریشان

بدھ 17 اپریل 2024 18:42

پاکستان کے دو اسکواش پلیئرز سامان نہ پہنچنے پر آئرلینڈ میں پریشان
ڈبلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) پاکستان کے ٹاپ اسکواش پلیئرز عاصم خان اور نور زمان دو ٹورنامنٹس کھیلنے کیلئے آئرلینڈ پہنچ گئے تاہم ان کا سامان نہ پہنچ سکا، دونوں کے پاس ریکٹس ہیں نہ جوتے ، دونوں کا پہلا میچ بدھ کی شام ہونا ہے۔نور زمان اور عاصم خان پہلے ویسٹ آئرلینڈ اوپن پھر آئرش اوپن میں حصہ لیں گے، ایونٹ میں شرکت کیلئے دونوں پلیئرز پیر کو آئرلینڈ پہنچ گئے تاہم ان کا سامان اب تک نہیں پہنچا۔

12 ہزار ڈالرز انعامی رقم والا ویسٹ آف آئرلینڈ اوپن منگل کو شروع ہوگیا، ایونٹ میں عاصم خان ٹاپ سیڈ ہیں۔ انہیں اور نور زمان کو پہلے راؤنڈ میں بائی ملا جبکہ دوسرا راؤنڈ بدھ کی شام کو ہونا ہے۔دونوں پلیئرز تاحال سامان نہ ملنے کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

عاصم خان نے بتایا کہ وہ غیر ملکی ایئرلائن سے براستہ استنبول آئرلینڈ پہنچے، فضائی روٹس میں خلل کی وجہ سے فلائٹ کا دورانیہ بڑھ گیا جس کے سبب کنیکٹکنگ فلائٹ میں وقفہ صرف آدھا گھنٹہ بچا تھا جس کی وجہ سے اس فلائٹ پر سامان نہ آسکا۔

عاصم کے مطابق ایئرلائن نے پہلے منگل کو سامان دینے کو کہا پھر بدھ کی صبح سامان دینے کی یقین دہانی کروائی۔دونوں پلیئرز کو شام پانچ بجے اپنے اپنے میچز کھیلنا ہیں اور اگر بروقت سامان نہیں ملا تو پلیئرز کے لیے مسائل ہوسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :