بکا خیل قوم کے عمائدین پر مشتمل گرینڈ جرگہ کاکمشنر بنوں ڈویژن پرویز ثبت خیل کے ساتھ ملاقات

بدھ 17 اپریل 2024 19:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2024ء) بکا خیل قوم کے عمائدین پر مشتمل گرینڈ جرگہ نے بدھ کے روز کمشنر آفس کے جرگہ ہال میں کمشنر بنوں ڈویژن پرویز ثبت خیل کے ساتھ ملاقات کی. اجلاس میں صوبائی وزیرملک پختون یار، ریجنل پولیس آفیسر قاسم علی خان اور کمانڈر 116 بریگیڈ محمد طیب بھی موجود تھے۔ اس موقع پر فوجی آپریشن میں ایک بے گناہ شہید شہری اور دو زخمیوں کیلئے سپیشل شہداء پیکج کی منظوری کا اعلان کیا گیا۔

اس مقصد کیلئے کاغذی کارروائی شروع کرکے جلد مکمل کیجائے گی۔اس مطالبے کی منظور ی پر گرینڈ جرگہ نے انتظامیہ کا دل سے شکریہ ادا کیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز آپریشن کے دوران بکاخیل کے بے گناہ رہائشی ایک فرد شہید جبکہ دو افراد زخمی ہوئے تھے۔ جس کے ازالہ کیلئے حکومت کی طرف سے انہیں سپیشل شہداء و زخمی پیکج میں شامل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر ملک پختون یار خان نے کہا کہ حکومتی ادارے بطور ماں عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کا خیال رکھتے ہیں لہذا ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے سب کو مشترکہ کردار ادا کرنا چاہئے۔

بکاخیل گرینڈ جرگہ کی قیادت ملک گل باز خان، ملک شیرین مالک، ملک قادر اور دیگر معززین علاقہ کر رہے تھے۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی و بقا اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔ اور آئیندہ کیلئے مسلئے مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔