ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کی ہدایت پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

بدھ 17 اپریل 2024 19:56

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں تین اضافی آبادیوں کے غیر قانونی قیام کی کوشش ناکام بنا دی اور آپریشن کے دوران وہاں خلاف قانون تعمیرات کو فوری طور پر مسمار کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سٹیٹ آفیسر انیب اسلم کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں قائم کی جانیوالی ہاؤسنگ سکیموں کو چیک کیا تو جھمرہ روڈ پر چک نمبر191ر۔ب، چک نمبر 253 ر۔ب اور چک نمبر 76 ر۔ب کی اراضی پر اضافی آبادیوں کے قیام کی کوشش کی جارہی تھی جسے محکمانہ کارروائی کے دوران ناکام بناتے ہوئے وہاں سڑکوں کی ترتیب ودیگر تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے ڈویلپرز کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ قانون شکنی سے باز رہیں اور ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کے لئے تمام تر قانونی تقاضے اور محکمانہ شرائط وضوابط پورا کرکے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں پر قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جا سکتے ہیں۔