فنکاروں کے درپیش مسائل سے واقف ہیں ،مسائل جلد حل کریں گے ، صوبائی وزیر

بدھ 17 اپریل 2024 20:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ فنکار ہماری ثقافت کے سفیر ہیں، فنکاروں کے درپیش مسائل سے واقف ہیں ، مسائل کو جلد حل کریں گے، ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں سندھ کے نامور فنکاروں، گلوکاروں و موسیقاروں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ فنکاروں کو ان کے فن کے اظہار کے لئے مناسب پلیٹ فارم فراہم کرنے کےلئے بھی اقدامات کررہے ہیں اور بہت جلد کیفے ثقافت سٹوڈیو کا بھی آغاز کریں گے۔اجلاس میں فنکاروں نے منصب سنبھالنے پر صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ کو مبارکباد دی اور تفصیلی طور پر فنکاروں کے مسائل، وظائف، ہیلتھ انشورنس و دیگر مسائل سے متعلق آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

فنکاروں نے ضلعی سطح پر منعقد ہونے والے سچل سرمست و لعل شہباز قلندر میلے و ایوارڈز میں موقع نہ دیے جانے پر ضلعی انتظامیہ کی شکایات کیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومتی سطح پر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کسی فنکار کے ساتھ زیادتی نہ ہو اور سچل و لعل شہباز قلندر میلے و ایوارڈز سے متعلق شکایات پر ضلعی انتظامیہ سے بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے منشور کے مطابق فنکاروں کےلئے بھی صحت کارڈ لائے جائیں گے جبکہ فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ماہ یا 2 ماہ میں ایک اجلاس منعقد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ،اس سلسلے میں اگست میں ڈویژن کی سطح پر سندھ بھر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں جس کی کھوج کے لیے ہمیں آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں سیکریٹری ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز خالد چاچڑ، ڈی جی منور مہیسر، ڈائریکٹر حبیب اللہ میمن، نامور گلوکار محمد علی شہکی، شمن علی میرالی، سلمان علوی، تاج مستانی، عبدالغفور، طفیل سنجرانی، ذوالفقار علی، احمد مغل، شہنیلا علی، اظہر حسین، ممتاز مولائی، استاد فرحان رئیس خان، اصغر کھوسو و کئی نامور فنکار موجود تھے۔