کرم ،فائرنگ کے مختلف واقعات ،سڑک حادثہ میںراہ گیر سمیت 4 افرادجان کی بازی ہار گئے ،خاتون سمیت 5افراد زخمی

بدھ 17 اپریل 2024 20:53

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) کوہاٹ اور قبائلی ضلع کرم میں فائرنگ کے مختلف واقعات اور سڑک حادثہ میںایک راہ گیر سمیت 4 افرادجان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک خاتون سمیت 5افراد زخمی بھی ہوگئے۔ پولیس اور دیگر ذرائع کے حوالے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کوہاٹ کے شہری علاقہ میاں گان کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد موقع ہر جاں بحق ہوگئے۔

جاں بحق افراد میں ایک راہ گیر بھی شامل بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ پہنچ کر لاشوں کو ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال پہنچا دیا۔فوری طورپرفائرنگ کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔اسی طرح کوہاٹ شہر کے علاقہ بہزادی چکرکوٹ کے محلہ گلہ خیل میں جہانزیب ولدین ولد زالب خان نے نامعلوم وجوہات کی بنا کر خودکو گولی مارکر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح تحصیل لاچی کے دورافتادہ علاقے شکردہ میں مبینہ طورپر بچوں کی لڑائی میں بڑے کود پڑے جہاں دو فریقین کے مابین فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

ریسکیو1122 کی میڈیکل ٹیم نے اطلاع ملنے پر پہنچ کر جاں بحق شخص کی لاش اور زخمی کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا۔دریں اثناء قبائلی ضلع کرم میں شلوزان روڈ پرٹریفک کے حادثہ میں ایک خاتون سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔ حادثہ موٹرسائیکل اور گاڑی کے مابین پیش آیا۔مقامی ریسکیو میڈیکل ٹیم نے زخمی افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پارہ چنار پہنچادیا۔