ڈپٹی کمشنر جھل مگسی اعجاز سرور کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا ماہانہ جائزہ اجلاس

بدھ 17 اپریل 2024 23:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر جھل مگسی اعجاز سرورکی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جھل مگسی عبدالستار لانگو، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیش آفیسر عبدالرسول کھوسہ، پرنسپل گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول گنداواہ قاضی خدابخش، ڈسٹرکٹ پروگرام مینیجر (یونیسیف) عامر اقبال زہری ودیگر محکمہ تعلیم کے آفیسران نے شرکت کیں۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جھل مگسی عبدالستار لانگو نے اجلاس کے شرکاءکو ضلع کے تمام اسکولوں میں درس و تدریس کے عمل و درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر جھل مگسی اعجاز سرور نے اجلاس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے تمام تعلیمی اداروں کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے اسکولز کے اساتذہ و دیگر عملہ اپنی حاضری و تعلیمی مراکز کی صفائی و ستھرائی کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

فرائض منصبی کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت، سستی و کاہلی کا مظاہرہ ہرگز ناقابل برداشت عمل ہے کیونکہ تعلیم ہی کی بدولت قومیں ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتی ہیں۔حکومت بلوچستان کی جانب سے صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع جھل مگسی کے تعلیمی اداروں کے ترجیحی بنیاد پر درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ ضلع کے مستقبل کے معمار علم کے چراغ سے روشناس ہوسکیں اور ترقی کی دوڑ میں وطن عزیز پاکستان کے دیگر صوبوں کی طرح صوبہ بلوچستان بھی شانہ بشانہ کھڑا ہوسکے۔