نومئی کے حملہ آور آج ملکی مفاد پر حملہ آور ہیں، عطاءاللہ تارڑ

جمعرات 18 اپریل 2024 11:50

نومئی کے حملہ آور آج ملکی مفاد پر حملہ آور ہیں، عطاءاللہ تارڑ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے حملہ آور آج ملکی مفاد پر حملہ آور ہیں، ملکی مفاد کے خلاف بات کرنے والا پاکستان کا دشمن ہے، اپنے سیاسی مفاد اور انا کو ملکی مفاد پر ترجیح دینا قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف نے پہلے ملکی مفاد کے خلاف بیان دیا پھر اس سے لاتعلقی کا اظہار کیا، یہ پی ٹی آئی کا پرانا وطیرہ ہے، ان کا لیڈر پہلے ہی کرپشن کے مقدمات بھگت رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری پاکستان کے دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی، ایسے عناصر کے لئے ہدایت کی دعا کرتے ہیں، کاش یہ ملک کے مفاد میں بھی بات کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفت میں ملک دشمنی نامناسب ہے، آپ ہم پر تنقید کریں لیکن پاکستان پر تنقید ناقابل برداشت ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری و تعاون کی حمایت اور دوستی کا ہاتھ بڑھا رہے ہیں، پاکستان انشاءاللہ ترقی کرے گا، ہم اپنے دوست ممالک کے ساتھ روابط بڑھائیں گے۔\932