کاشتکار کھیتوں میں بارشوں کا پانی کھڑا نہ رہنے دیں،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت

جمعرات 18 اپریل 2024 12:48

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے کہا کہ بارشوں کی صورت میں کاشتکار گندم کے کھیتوں میں بارش کا پانی کھڑا نہ رہنے دیں کیونکہ اس سے فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر خدانخواستہ گندم کے کسی کھیت میں بارش کا پانی کھڑا ہوجائے تو کاشتکار اسے فوری نکالنے کیلئے اقدامات یقینی بنائیں تاکہ کٹائی کے مرحلہ کے قریب گندم کی فصل کو پیداواری نقصان سے بچایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ بے موسمی بارشیں عین کٹائی کے مرحلہ کے قریب گندم کی فصل کو نقصان پہنچاسکتی ہیں اسلئے کاشتکار ڈھلوان کی سطح پر بارشوں کا پانی نکالنے میں کسی تساہل سے کام نہ لیں۔انہوں نے کہا کہ گندم کی فصل کی برداشت کے موقع پر ہونے والی غیر موسمی بارشیں فصل کو خاصا نقصان پہنچاتی ہیں اسلئے کاشتکاربرداشت کے دوران ریڈیو اور ٹی وی پر نشر ہونے والی موسمیاتی پیشگوئیوں پربھی نظر رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکار اچھی طرح فصل پک جانے پر ہی اس کی کٹائی کریں تاکہ فصل کو نقصان سے بچایاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ گندم ہمارے ملک کی ایک اہم فصل اور غذا کا بہترین ذریعہ ہیں نیز گندم کی پیداوار کے لحاظ سے ہمارا ملک خود کفیل ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ہمارے ملک میں گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کا خاطرخواہ پوٹینشل موجود ہے تاہم دوسرے عوامل کے ساتھ ساتھ برداشت اور ذخیرہ کے دوران ہونے والے نقصانات کی وجہ سے فصل کی ایک بڑی مقدار ضائع ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ فصل کی برداشت کے دوران ہونے والی غیر موسمی بارشیں بھی فصل کو خاصا نقصان پہنچاتی ہیں لہٰذا کاشتکار بارش کی صورت میں فصل کی کٹائی کا عمل فوراً روک دیں۔