پنجاب کے رجسٹرڈ12 ایکڑ سے کم رقبہ کے مالک کاشتکار25 اپریل سے بینک آف پنجاب سے پنجاب کسان کارڈکے لئے اپلائی کر سکیں گے

جمعرات 18 اپریل 2024 14:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) پنجاب کے رجسٹرڈ12 ایکڑ سے کم رقبہ کے مالک کاشتکار25 اپریل سے اپنی زمین کی فرد ملکیت ساتھ لیکر بینک آف پنجاب سے پنجاب کسان کارڈکے حصول کیلئے اپلائی کر سکیں گے۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق پنجاب کسان کارڈ کے لئے بینک آف پنجاب میں کسان کا اکاؤنٹ اوپن اوراسی بنیاد پراسے پنجاب کسان کارڈ جاری ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کسان کارڈ پے پاک کارڈ ہو گا جس میں کسان اپنے اکاؤنٹ میں زیادہ سے زیادہ 20 لاکھ تک رقم رکھ بھی سکے گاجبکہ پنجاب کسان کارڈ سے بینک آف پنجاب سمیت کسی بھی بینک کی اے ٹی ا یم مشین سے روزانہ 50 ہزار روپے تک کی رقم نکلوائی بھی جا سکے گی۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کسان کارڈ ہولڈر بینک آف پنجاب کی موبائل ایپ سے فائدہ اٹھا اورآن لائن ٹرانزیکشن کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کسان کارڈ پر بینک آف پنجاب ہر کسان کو بلا سود فی ایکڑ 30 ہزار قرضہ دے گی جو 6 ماہ کے بعد ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کسان کارڈ کی بنیاد پر بینک آف پنجاب کسانوں کو زرعی آلات اور زرعی مشینری سبسڈی پر مہیا کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو زرعی سینٹر پر سبسڈی پر کھاد،بیج،سپرے اور زرعی لوازمات فراہم کئے جائیں گے جو زرعی سینٹر پر موجود بینک آف پنجاب کی پی او ایس مشین پر سکین ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کسان کارڈ پر کسانوں کو ٹیوب ویل بھی لگا کر دئیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :