سردارایازصادق سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

پاکستان برطانیہ کیساتھ دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ،اسپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق

جمعرات 18 اپریل 2024 15:35

سردارایازصادق سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو باہمی احترام اور وسیع علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر یکساں خیالات پر مبنی ہیں، دونوں دوست ممالک کے درمیان عوامی اور پارلیمانی رابطوں سے باہمی مفادات اور اقتصادی تعلقات کے شعبوں میں مزید بہتری آئے گی۔

وہ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔ برطانوی سفارتکار سے گفتگوکرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری نے تاریخی طور پردونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں پارلیمانوں کے درمیان پارلیمانی دوستی گروپوں اور اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں برطانوی دارالعوام کے سپیکر کو ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ دورہ پاکستان کی دعوت دی جائیگی۔

سپیکر نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن کی برطانیہ کی ترقی میں بے حد اہمیت ہے، انہوں نے دونوں ممالک کی ترقی میں ان کی شمولیت کی تعریف کی۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کو ملک کا انمول اثاثہ قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کیلئے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ شراکت داری میں اقدامات کریں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ برطانیہ پاکستانی طلبا کے لیے سکالرشپ کی صورت میں مزید تعلیمی مواقع فراہم کرنے پر غور کر ے۔

اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی طرف سے خیر سگالی کے جذبات کے اظہار پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی طرف سے اٹھائے گئے تمام نکات سے متعلقہ حکام کو آگاہ کریں گی۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پاک برطانیہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔