قصور پولیس نے 12 کروڑ 96 لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کر دیا

جمعرات 18 اپریل 2024 15:47

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) قصور پولیس نے 12 کروڑ 96 لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کر دیا۔ آر پی او شیخوپورہ ریجن اطہر اسماعیل‘ ڈی پی او طارق عزیز سندھو‘ایم این اے میاں سعدوسیم شیخ اورایم پی اے حاجی نعیم صفدرانصاری ودیگرکی پولیس لائن مال مسروقہ تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت۔ آر پی او شیخوپورہ ریجن نے 13 کروڑ کے قریب ڈکیتی، راہزنی، چوری و دیگر وارداتوں میں چھینا گیا مال مسروقہ شہریوں میں تقسیم کیا‘سنگین وارداتوں میں چھینا گیا 38 تولہ سونا، 381 موٹر سائیکلیں، 57 مویشی، 8 کاریں و ٹریکٹرز اور 47 موبائل فون بھی شہریوں کو واپس کئے گئے‘ گرفتار ملزمان سے 3 کروڑ سے زائد کی نقدی، 5 کلاشنکوفیں، 15 رائفلیں، 35 بندوقیں، 260 پسٹل و سینکڑوں گولیاں بھی برآمد کی‘قصور پولیس نے گرفتار ملزمان سے 5 کلو ہیروئن، 223 کلو سے زائد چرس، ہزاروں لیٹر شراب بھی برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

آر پی او شیخوپورہ ریجن اطہر اسماعیل نے ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز و دیگر پولیس ملازمین میں کیش و تعریفی سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔اس موقع پرآر پی او شیخوپورہ ریجن اطہر اسماعیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں سے لوٹا گیا مال مسروقہ ہم باحفاظت ان تک پہنچا رہے ہیں‘ معاشرے میں جرائم کی سرکوبی کے لیے پولیس کا ہر جوان اپنا کردار ادا کر رہے ہیں‘ ہمارے جوان اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر جرائم پیشہ افراد سے لڑ رہے ہیں۔

آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل نے کہا کہ پنجاب کے سینکڑوں اور قصور کے 35 شہداء کے ہم امین ہیں جن کی قربانیوں سے امن ہے۔ ڈی پی او قصورطارق عزیز سندھونے کہا کہ مال مسروقہ شہریوں میں تقسیم کرنے کی چھٹی تقریب ہے‘ سال 2023 میں 33 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ شہریوں کو واپس دلایا گیا۔ ڈی پی او طارق عزیز سندھونے کہا کہ نئے آر پی او اطہر اسماعیل کے احکامات کی روشنی میں جرائم کی شرح میں کمی لائیں گے‘ پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق ہم منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیاں تیز کریں گے‘ سزا کو یقینی بنانے کے لئے اب حکمت عملی بنائی جائے گی تاکہ ملزم بچ نہ سکے۔ شہریوں نے چھینا گیا مال مسروقہ واپس ملنے پر پنجاب پولیس کا شکریہ ادا کیا۔\378