راولپنڈی میں پاک نیوزی لینڈ میچ ہو سکے گا یا نہیں؟ اپ ڈیٹ جاری کر دی گئی

بارش کے باعث میچ کا ٹاس تاخیر کا شکار ہو گیا، ایمپائرز بارش رکنے پر وکٹ کا جائزہ لیں گے

muhammad ali محمد علی جمعرات 18 اپریل 2024 19:26

راولپنڈی میں پاک نیوزی لینڈ میچ ہو سکے گا یا نہیں؟ اپ ڈیٹ جاری کر دی ..
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 اپریل 2024ء ) راولپنڈی میں پاک نیوزی لینڈ میچ ہو سکے گا یا نہیں؟ اپ ڈیٹ جاری کر دی گئی، بارش کے باعث میچ کا ٹاس تاخیر کا شکار ہو گیا، ایمپائرز بارش رکنے پر وکٹ کا جائزہ لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

تاہم دی ویدر چینل کے مطابق میچ کے دوران بارش رنگ میں بھنگ ڈال سکتی ہے۔ موسم کی تازہ ترین پیشن گوئی میں کہا گیا ہے کہ آج دن کے وقت بارش کا 60 فیصد اور رات کے وقت 80 فیصد امکان ہے۔ 20 اپریل کو راولپنڈی میں بھی بارش کا 49 فیصد امکان ہے جو دوسرے ٹی ٹوئنٹی کا دن ہے۔ تاہم 21 اپریل کو جب تیسرا T20I ہونے والا ہے تو بارش کا امکان 19 فیصد سے کافی کم ہے۔

(جاری ہے)

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلے تین میچوں کے بعد دونوں ٹیمیں لاہور جائیں گی جہاں وہ بالترتیب 25 اور 27 اپریل کو سیریز کے بقیہ دو ٹی ٹوئنٹی کھیلے گی۔ T20I سیریز کے پانچوں میچ شام 7:00 بجے شروع ہوں گے۔ میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے پہلے ہمارے پاس بارہ میچز ہیں، کوشش کریں گے ان میچز کے دوران اپنی تیاریاں مکمل کر لیں، ہم نے بہت سی چیزوں کو تبدیل کیا، کوشش کریں گے کہ اپنے کھیل میں مزید بہتری لائیں۔

بابر اعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ کیلئے اچھی ٹیم لیکر جائیں گے، کوشش ہے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیں، اس سیریز میں مختلف کمبی نیشن بیٹنگ اور باؤلنگ میں آزمائیں گے، آئرلینڈ اور انگلینڈ کی سیریز میں چیزیں کلیئر ہو جائیں گے، کوشش کرتا ہوں خوش رہنے کی لیکن انسان ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف اچھی پرفارمنس پیش کریں گے، ٹیم میں کھلاڑی پرفارمنس کی بنیاد پر آتے ہیں، ہماری بیٹنگ سٹرونگ ہونے جا رہی ہے، عثمان خان، عرفان نیازی کو کھلائیں گے، ہماری بیٹنگ 9 ویں نمبر تک جائے گی، نوجوان کھلاڑی کے آنے کی سینئر کو خوشی ہوتی ہے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے کہا کہ پاکستان سے سیریز چیلنجنگ ہوگی، پاکستانی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر بہت مضبوط ہوتی ہے، ہم اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، ہم ایک ٹیم کے طور پر تفریحی کرکٹ کھیلنے اور کھیل کو آگے لے جانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے بڑے فخر کی بات ہے، ہم نے ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا اور ہمارے سکواڈ میں شامل زیادہ تر کھلاڑی ٹی 20 کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں، پاکستان آکر بہت اچھا لگا، اس سے قبل بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔