چیمپئنز ٹرافی، بھارت کے میچز ایک ہی شہر میں کرانے کی تجویز

بھارتی ٹیم کے ابتدائی راؤنڈ کے میچز راولپنڈی میں کرائے جانے کی تجویز ، پی سی بی مجوزہ شیڈول تیار کرکے آئی سی سی کو بجھوا دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 1 مئی 2024 17:45

چیمپئنز ٹرافی، بھارت کے میچز ایک ہی شہر میں کرانے کی تجویز
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم مئی 2024ء ) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے میچ ایک ہی شہر میں کرانے کی تجویز سامنے آ گئی ۔ ذرائع پی سی بی کے مطابق سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بھارتی ٹیم کے میچز ایک ہی وینیو تک محدود کرنے کی تجویز سامنے آگئی ۔ ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم کے ابتدائی راؤنڈ کے میچز راولپنڈی میں کرائے جانے کی تجویز دی گئی۔

پی سی بی مجوزہ شیڈول تیار کرکے آئی سی سی کو بجھوا دیا ۔ آئی سی سی نے بھارت سمیت دیگر ممالک سے فیڈ بیک لے گا۔ چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نے آئی سی سی کو تین وینیوز کے نام بجھوا رکھے ہیں۔ وینیوز میں لاہور، راولپنڈی اور کراچی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ہوگی اور پاکستان میں ہی ہوگی، ہماری تیاریاں جاری ہیں، کہیں ایک موقع پر بھی تیاری نہیں رکے گی۔

(جاری ہے)

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بھارت کے چیمپئنز ٹرافی میں نہ آنے کی کوئی وجہ نہیں ہے، نہ ہی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں نہ ہونےکی کوئی وجہ ہے، ہائبرڈ ماڈل کی کوئی بات نہیں ہے، ہم نے شیڈول بھیج دیا ہے تمام ٹیمیں پاکستان آئیں گی، بھارت پروپیگنڈا کر رہا ہے تو آپ لوگ بھی کریں۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پوری 8 کی 8 ٹیمیں پاکستان آئیں گی، نیشنل سٹیڈیم میں کام چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل کرنا ہے، دن رات یہیں بیٹھ جائیں گے، سٹیڈیم کے ترقیاتی کام کے لیے انٹرنیشنل کنسلٹنٹ رکھے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ کل صبح انگلینڈ سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ویمن ٹیم جیتا جتایا میچ ہار گئی ، شکست کا دکھ ہے، ویمن ٹیم پر ہمیں ابھی بہت کام کرنا ہے، ویمن ٹیم کے لیے بھی غیر ملکی کوچ تلاش کیا جارہا ہے، خواتین کرکٹرز کے لیے بھی ویسے ہی اقدامات ہوں گے جیسے مینز کے لیے ہوئے، کرکٹ کا پیسا کرکٹ پر لگے گا، یہ بینکوں میں نہیں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی والا معاملہ اتنا بڑا نہیں، وہ ادارہ بھی میرے ماتحت ہے، جو ہوگا اندرونی طور پر حل کریں گے۔