پاک سوزوکی نے اقساط کا منصوبہ متعارف کروا دیا،صارفین 8لاکھ روپے تک کی بچت کر سکیں گے

جمعرات 18 اپریل 2024 20:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) پاک سوزوکی نے عوام کیلئے انتہائی شاندار اقساط کا منصوبہ متعارف کروا دیاہے جس سے صارفین 8لاکھ روپے تک کی بچت کر سکیں گے ۔سوزوکی حبیب میٹرو آٹو فنانس کے تعاون سے آسان اقساط کی آفر متعارف کروا رہی ہے جس کا مقصد کمپنی کی گاڑیوں کی رسائی مزید آسان بنانا ہے ۔ مزید برآں، پیشکش میں صارفین کے لیے اضافی بچت کو یقینی بناتے ہوئے، شرح سود 18فیصد تک کم کی گئی ہے جو کہ فکس ہو گی ۔

(جاری ہے)

ان اقدامات کا مقصد کمپنی کی سیلز کو برقرار رکھنا اور اس دوران پیش آنے والے چیلنجز سے نمٹنا ہے ۔ حالیہ اعلان پاکستان سوزوکی موٹرز کمپنی کے کافی نقصان کی اطلاع کے بعد سامنے آیا ہے۔ پاکستان میں آٹو موٹیو سیکٹر کم ہوتی ہوئی فروخت، پیداواری رکاوٹوں اور زیادہ ٹیکسوں سے دوچار ہے،پی ایس ایم سی ان چیلنجوں کا خمیازہ بھگت رہا ہے۔کمپنی کی جانب سے سال 2023میں 10.07بلین روپے کا نقصان ہونے کا انکشاف کیاہے جو کہ ٹیکسز میں اضافے اور فروخت میں ہونے والی بھاری کمی کا نتیجہ ہے ۔