لاڑکانہ:سندھ کے مختلف اضلاع میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کا سلسلہ جاری

جمعرات 18 اپریل 2024 23:20

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) سندھ کے مختلف اضلاع میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کا سلسلہ جاری ہے،ایکسائز نارکوٹیکس کنٹرول اور پولیس کی جانب سے مختلف اضلاع سے جاری کریک ڈاؤن میں مزید 26 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا،ملزمان سے 18 کلو چرس، ایک کلو کے قریب آئس، مضر صحت گٹکا ماوا، کچی شراب اور دیگر منشیات برآمد ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ایکسائز، ٹیکسیشن، نارکوٹکس کنٹرول، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایکسائز اور پولیس کے افسران کی لگن اور بہادری کو سراہتا ہوں،منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد قانون کی گرفت میں لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی لعنت کے خاتمے اور محفوظ مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی،قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔