مشرق وسطی جنگ کے دھانے پر ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

جمعہ 19 اپریل 2024 10:30

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے غزہ میں ساڑھے چھ ماہ سے جاری جنگ کے بعد ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدہ صورت حال کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے مشرق وسطی ایک مکمل جنگ کے دھانے پر کھڑا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق انتونیو گوتریش نےسلامتی کونسل کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جنگ نے غزہ میں انسانی جہنم کی صورت حال پیدا کر دی ہے۔

اجلاس میں ایران اور اردن کے وزرائے خارجہ سمیت دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ بھی موجود تھے۔انہوں نےتمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک غلط اندازہ ، ایک غلط بات اور ایک غلطی بھی ناقابل تصور نتائج پیدا کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اگر ایسا ہو گیا تو یہ بہت خطرناک چیز ہو گی،جو علاقائی سطح پر تنازعہ کا باعث بن سکتی ہے اور اس صورت حال میں ملوث فریقین کے لیے بہت تباہ کن ہو گی۔

انتونیو گوتریش نے ایرانی قونصلیٹ پر حملے اوراسرائیل پر ڈرون حملے کرنے پر دونوں ممالک کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مؤخر الذکر نے حالات کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ اس لئے اب وقت آگیا ہے کہ انتقامی کارروائی کے خونی چکر کو ختم کیا جائے اسے روکنے کا وقت آگیا ہے۔ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو ایسے کسی بھی اقدام کو روکنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے جو مشرق وسطیٰ کو جنگ کے دھانے کی طرف دھکیل سکتا ہے، جس کے شہریوں پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔ مجھے واضح کرنے دیں کہ یہ خطرات کئی محاذوں پر بڑھ رہے ہیں۔