محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو ریڈیو اورٹیلی ویژن سے نشر ہونےوالے موسمی پیغامات کو توجہ سے سننے کی ہدایت

جمعہ 19 اپریل 2024 13:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) محکمہ زراعت نے بے موسمی بارشوں و آندھیوں کے باعث گندم،مکئی، چارہ کی فصلات متاثر ہونے کاخدشہ ظاہر کیاہے اور کاشتکاروں کو اپنی فصلات کی دیکھ بھال کیلئے ریڈیو اورٹیلی ویژن سے نشر ہونےوالے موسمی پیغامات کو توجہ سے سننے کی بھی ہدایت کی ہے۔ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمید نے اے پی پی کوبتایا کہ اگر بارش یا آندھی کا خطرہ ہو توکاشتکار گندم کی کٹائی روک دیں اور کٹی ہوئی گندم کو ترپال یا شیٹ لیکر ڈھانپ دیں نیزبارش رکنے کے بعد گیلی گندم کو چبوترے پر ڈال کر دھوپ لگوائیں۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار گندم کی کٹائی فصل کے پوری طرح پکنے پر شروع کریں جبکہ کاشتکار گندم کی کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹوں کا رخ اوپر کی طرف رکھیں اسی طرح کھلواڑے چھوٹے رکھیں اور اونچے کھیتوں میں کھلیان لگائیں اور پانی کی نکاسی کےلئے اردگرد کھالی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ گندم کی کٹائی کےلئے سب سے بہترین مشین کمبائن ہارویسٹر ہے جس کے استعمال سے کافی حد تک پیداوار کے ہونےوالے نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مکئی کے کاشتکار بارش کی صورت میں کھیتوں سے بارشی پانی ساتھ موجود خالی کھیت میں منتقل کریں تا کہ مرطوب موسم کے باعث مکئی کے پودے مرنے سے محفوظ رہیں نیز مرطوب موسم میں مکئی کے پودوں پر کیڑے مکوڑوں اور بیماریوں کا خطرہ بھی موجود ہوتا ہے اس لئے کاشتکار محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے انتظامات کریں۔