استور، گوری کوٹ شہر میں ہفتہ صفائی کا افتتاح کر دیا گیا

جمعہ 19 اپریل 2024 13:50

استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر استور زید احمد کے احکامات پر اسسٹنٹ کمشنر محمد حسین بٹ کی نگرانی میں استور گوریکوٹ شہر میں ہفتہ صفائی منایا جارہا ہے جس کے تحت جمعہ سے گوریکوٹ بازار کے صفائی کا آغاز کر دیا ہے۔ہفتہ صفائی میں بازار کمیٹی گوریکوٹ میونسپل کمیٹی استور، ویسٹ منیجمنٹ، اسسٹنٹ کمشنر آفس شونٹر کا مشترکہ آپریشن ہفتہ بھر جاری رہے گا۔

اسسٹنٹ کمشنر شونٹر محمد حسین بٹ نے ہفتہ صفائی کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر تحصیلدار شونٹر عارف عالم ،نائب تحصیلدار شونٹر ضیإ الرحمان، نائب تحصیلدارمنی مرگ عبدلمجید، صدر بازار کمیٹی گوریکوٹ شاجہان، ضلع کونسل کے سردار عالم ، ویسٹ منیجمنٹ گوریکوٹ کے سپروائزر عیسیٰ خان، میونسپل کمیٹی گوریکوٹ کے انچارج جمعہ ولی اور لیوی فورس کے جوان موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر شونٹر محمد حسین بٹ نے کہا کہ ہفتہ صفائی منانے کا بنیادی مقصد استور گوریکوٹ شہر کی صفائی کو یقینی بنانا ہے تاکہ بازار کی خوبصورتی میں اضافہ ہو اور ساتھ میں سیاحوں کو ایک مثبت پیغام مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم محدود وسائل کے باوجود سب ڈویژن شونٹر اور گردونواح کی صفائی کو یقینی بنائیں گے ، ہماری کوشش ہے کہ تاجروں سے ملکر بازار کی صفائی کے حوالے سے ایک جامع پلان ترتیب دیں۔انہوں نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بازار کی صفائی اور خوبصورتی کے حوالےسے انتظامیہ کے بازو بن کر کام کریں تاکہ ہم سب ڈویژن شونٹراستور آنے والے سیاحوں سمیت دیگر مہمانوں کو استور کا مثبت چہرہ دیکھا سکیں۔