ایمریٹس کی دبئی کی کنکٹنگ فلائٹس کا سفری طریقہ کار معطل

فیصلہ دبئی میں حالیہ خراب موسم کے بعد آپریشنز کی بحالی میں مدد کے لیے کیا گیا۔ کمپنی اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 19 اپریل 2024 14:17

ایمریٹس کی دبئی کی کنکٹنگ فلائٹس کا سفری طریقہ کار معطل
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 اپریل 2024ء ) متحدہ عرب امارات کی معروف فضائی کمپنی ایمریٹس ائیر لائن نے دبئی کے ذریعے اپنی منزل کی جانب جانے والی کنکٹنگ فلائٹس کے سفری طریقہ کار کو معطل کر دیا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق اپنے ایک بیان میں ایمریٹس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دبئی کے ذریعے دیگر شہروں کی جانب پرواز کرنے والی کنٹنگ فلائٹس میں سفر کرنے والے تمام صارفین کے لیے چیک ان کو معطل کیا جارہا ہے، یہ فیصلہ دبئی میں حالیہ خراب موسم کے بعد آپریشنز کی بحالی میں مدد کے لیے کیا گیا ہے، جس کا اطلاق 19 پریل تک ہوگا، اس دوران دبئی میں اور ٹرانزٹ میں پہلے سے موجود مسافروں کی پروازوں کے لیے کارروائی جاری رہے گی۔

اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ دبئی جانے والے صارفین اپنی حتمی منزل کے طور پر چیک ان کرتے ہوئے معمول کے مطابق سفر کرسکتے ہیں، اس حوالے سے صارفین پروازوں کی وانگی اور آمد میں تاخیر کی توقع کر سکتے ہیں، جس کے لیے انہیں کمپنی کی ویب سائٹ پر تازہ ترین فلائٹ شیڈول چیک کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ایمریٹس انتظامیہ نے کہا ہے کہ متاثرہ صارفین کو دوبارہ بکنگ کے اختیارات کے لیے اپنے بکنگ ایجنٹ یا ایمریٹس آفس سے رابطہ کرنا چاہیئے، کمپنی ان متاثرہ صارفین سے معذرت خواہ ہے جنہیں اپنے سفری منصوبوں میں تاخیر اور خلل کا سامنا کرنا پڑا، ہم سمجھ سکتے ہیں ہر متاثرہ شخص کے لیے یہ کتنا مشکل ہے، اس صورتحال میں صارفین کا تعاون قابل تعریف ہے، ہماری ٹیمیں اپنے طے شدہ آپریشنز کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے سخت محنت کر رہی ہیں۔

اس کے علاوہ ایئر لائن نے مسافروں کو ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے، ایمریٹس نے صرف اُن مسافروں کو ایئرپورٹ جانے کا کہا ہے جن کی بکنگ کنفرم ہو چکی ہے، جن مسافروں کی پروازیں منسوخ ہوئی ہیں وہ رابطہ کرکے نئی بکنگ کرائیں کیوں کہ 2 دن تعطل کے باعث دبئی ہوائی اڈے پر مسافروں کا رش ہے جس وجہ سے پروازیں تاخیر کا شکار ہورہی ہیں۔