یہ کوئی عام الیکشن نہیں، جمہوریت اور دستور کو بچانا ہے، راہول گاندھی

جمعہ 19 اپریل 2024 18:10

یہ کوئی عام الیکشن نہیں، جمہوریت اور دستور کو بچانا ہے، راہول گاندھی
نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ بی جے پی بھارت پر حملہ آور ہے اور وہ اسکے نظریے اور دستور کو تباہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی عام الیکشن نہیں بلکہ دستور کو بچانے والے انتخابات ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے ہندی اور انگریزی زبان میں جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں پارٹی کارکنوںکو تلقین کی کہ وہ عوام کو بتائیں کہ بی جے پی بھارت کے نظریے کو تباہ کر رہی ہے ۔

بی جے پی بھارت کے نظریے کی مخالف ہے ۔ وہ ملکی دستور، جمہوری ڈھانچے اور الیکشن کمیشن سمیت تمام اداروں پر حملہ آور ہے ۔راہول گاندھی نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو بتائیں کہ بی جے پی بھارت پر حملہ آور ہے اور اسکے دستور اور نظریے کو تباہ کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

کانگریس کے جنرل سیکرٹری جئے رام رمیش نے پارٹی کارکنوں کے نام راہول گاندھی کے ویڈیو پیغام کو ایکس پر منسلک کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اس پیغام کا ضرور مشاہدہ کریں۔ انہوںنے کہا کہ مودی حکومت کا جانا یقینی ہے اور اب ہمیں صرف چار جون تک انتظار کرنا ہے۔بھارت میں پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کیلئے انتخابی عمل آج سے شروع ہوا ۔ ووٹوں کی گنتی چار جون کو کی جائے گی۔ انتخابی عمل سات مراحل میں مکمل ہوگا۔