آرڈبلیو ایم سی، پاک نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز کے لئے سٹیڈیم کی صفائی کےلئے دو شفٹو ں میں ورکرز تعینات

جمعہ 19 اپریل 2024 19:45

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) نے پاکستان،نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز کےلئے راولپنڈی سٹیڈیم کی صفائی کےلئے صبح اور شام کی شفٹو ں میں ورکرز تعینات کر دیئے ہیں۔ شہر میں جاری بارش کے سلسلے کے پیش نظر ورکرز اضافی تعداد میں نشیبی علاقوں میں تعینات کر دیئے ہیں۔پاکستان نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز کےلئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے سٹیڈیم کے اندر اور باہر بھرپور صفائی آپریشن کیا،کیمیکل سوئپنگ اور واشنگ کی گئی،ڈبل روڈ اور ملحقہ علاقے میں موجود کنٹینرز کو روزانہ کی بنیادوں پر خالی کر کے دھویا جا رہا ہے۔

سینیٹری ورکرز ہر میچ سے قبل اور بعد میں پورے سٹیڈیم کو صاف کرتے رہیں گے۔اس صفائی آپریشن کی نگرانی سینئر مینیجر آپریشنز راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر حامد اقبال کر رہے ہیں جنہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں صفائی کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں ہر ایونٹ کو کامیاب بنانے میں انتظامی امور،سکیورٹی کےساتھ ساتھ صفائی کا بھی اہم کردار ہوتا ہے،خصوصاانٹرنیشنل ٹیموں کی راولپنڈی آمد کے موقع پر شہر کا صاف ستھرا نظر آنا ایک مثبت امیج پیش کر تا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں میچز کے حوالے سے سٹیڈیم اور ملحقہ علاقوں کو مکمل طور پر صاف کرنے میں مصروف عمل ہیں،صفائی برقرار رکھنے کےلئے ورکرز کی ڈیوٹیاں لگا دی ہیں جو میچ سے قبل اور بعد میں صفائی کو یقینی بنائیں گے۔سینئر مینیجر آپریشنز نے سی ای او کو صفائی آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ورکرز کی مختلف شفٹوں میں ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں،ڈبل روڈ،پنڈی سٹیڈیم اور ملحقہ علاقے کی مکمل صفائی کر دی گئی ہے اور یہ عمل سیریز کے اختتام تک جاری رہے گا۔