ٹوبہ ٹیک سنگھ، امتحانی مراکز کی حدود میں دفعہ144نافذ

جمعہ 19 اپریل 2024 20:16

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کو شفاف اور پرامن بنانے کےلئے امتحانی مراکز کی حدود میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔ ضلع بھر کے تمام امتحانی مراکز کے 100 میٹر حدود کے اندر کسی بھی امیدوار، نگران عملے یا کسی بھی شخص کی کوئی کتاب، گائیڈ یا حل شدہ کاغذات، متعلقہ مواد، ڈیجیٹل ڈائری، موبائل فون اور اسلحہ لے جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

امتحانی مراکز کی حدود کے لئے دفعہ 144 کا نفاذ سات یوم کیلئے ہے تاکہ انٹرمیڈیٹ امتحانات کے انعقاد کو شفاف بنایا جاسکے،واضح رہے کہ ضلع بھر میں 53 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 23،گوجرہ میں 15‘ کمالیہ میں 8اور تحصیل پیر محل میں 7امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر محمد نعیم نے اسسٹنٹ کمشنرز کو امتحانی مراکز کے روزانہ کی بنیاد پر دورے کرکے ریذیڈنٹ انسپکٹر کی سنٹر پر موجودگی کو چیک کرنے اور نقل مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی تمام تر توجہ شفاف امتحانات کے انعقاد پر مرکوز ہے جسے ہم سب نے مل کر کامیاب بنانا ہے، کسی بھی سنٹر سے نقل یا کرپشن کی شکایت موصول ہوئی تو تمام عملہ سمیت دیگر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔