فواد چوہدری کی 12 الگ الگ مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور

انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے عدالت نے مزید کاروائی کے لئے 30اپریل کی تاریخ مقرر کردی

جمعہ 19 اپریل 2024 20:27

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2024ء) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے نمبر1جج ملک اعجاز آصف نے تحریک انصاف کے رہنما وسابق وفاقی وزیرفواد چوہدری کے جی ایچ کیو حملہ سمیت 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں، اہم تنصیبات، نجی و سرکاری املاک کے گھیراؤ جلاؤ اور پولیس افسران و اہلکاروں پر حملوں کی12 الگ الگ مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی ہے عدالت نے مزید کاروائی کے لئے 30اپریل کی تاریخ مقرر کی ہے یادرہے کہ سانحہ9مئی پر تھانہ آر اے بازار کے مقدمہ نمبر 708 کے علاوہ تھانہ سٹی کے مقدمہ نمبر 563، تھانہ کینٹ کے مقدمہ نمبر 836، تھانہ ریس کورس کے 759، تھانہ نیو ٹاؤن کے مقدمہ نمبر 2106، تھانہ صادق آباد کے مقدمہ نمبر 2076، تھانہ سول لائن کے مقدمہ نمبر 981، تھانہ وارث خان کے مقدمہ نمبر 914، تھانہ مورگاہ کے مقدمہ نمبر 397، تھانہ صدر واہ کے مقدمہ نمبر 744 اور تھانہ ٹیکسلا کے مقدمہ نمبر 940پ مشتمل12الگ الگ مقدمات درج کئے گئے تھے ان مقدمات میں تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے علاوہ فواد چوہدری ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور ، شیریں مزاری ،عمرایوب ،مراد سعید ، مسرت جمشید چیمہ ، شبلی فرازاور شہباز گل سمیت مجموعی طور 500کے قریب ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا جبکہ بڑی تعداد نامعلوم ملزمان کی بھی تھی۔