پشاور ، کاروباری خواتین کے لیے رجسٹریشن اور تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا

جمعہ 19 اپریل 2024 22:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی اور یو ایس ایڈ کے پروگرام برائے اقتصادی ترقی وبحالی کی جانب سے خیبر پختونخوا میں کام کرنے والی کاروباری خواتین کے لیے سیلز ٹیکس آن سروسز پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا اور ان کو موقع پر کیپرا کے ساتھ رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی۔

ورکشاپ کا انعقاد پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں کیا گیا جہاں پر خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کی جانب سی80 سے زائد کاروباری خواتین کو ان کا کاروبار کیپرا کے ساتھ رجسٹر کرنے کی سہولت فراہم کی گئی۔ یو ایس ایڈ اپنے پروگرام برائے اقتصادی ترقی و بحالی کے تحت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والی کاروباری خواتین کو کاروبار چلانے کیلئے مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے جس کے پہلے مرحلے میں ان خواتین کو پشاور مدعو کیا گیا تاکہ ان کو خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کے متعلق تربیت دی جائے اور ان کا کاروبار موقع پر ہی کیپرا کے ساتھ رجسٹر کر کے ان کو ٹیکس کے دائرہ کار میں شامل کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر44 خواتین کو رجسٹریشن کے بعد امداد کے کنٹریکٹس حوالے کئے گئے۔اس موقع پر کیپرا کی ٹیم کی جانب سے ایک رجسٹریشن ڈسک قائم کیا گیا تھا ۔ اس موقع پر پروگرام کی مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل کیپر فوزیہ اقبال نے یو ایس ایڈ کے پروگرام برائے اقتصادی ترقی وبحالی اور تمام شرکاء کا اپنی ٹیم کی جانب سے شکریہ ادا کیا اور ان کو یقین دھانی کرائی کہ کیپرا کا عملہ ان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتا رہے گا تاکہ وہ اپنا ماہانہ ٹیکس آسانی سے ادا کرنا سیکھیں اور وقت پر اپنے ماہانہ گوشوارے جمع کراسکیں۔

انہوں نے کیپرا کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور شرکاء سے بھی اسی طرح تعاون جاری رکھنے کی امید ظاہر کی۔ انکا کہنا تھا کہ کاروباری افراد کے تعاون سے اور بر وقت ٹیکس کی ادائیگی سے ہمارا ملک اور صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ یو ایس ایڈ کے پروگرام برائے اقتصادی ترقی وبحالی کے مانیٹرنگ سپشلسٹ انعام اللہ خان نے اپنے ابتدائی کلمات میں کیپرا کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور یو ایس ایڈ کے پروگرام برائے اقتصادی ترقی وبحالی کی جانب سے خیبر پختونخواہ میں کیے جانے والے کاموں پر روشنی ڈالی۔