سیکرٹری صحت بلوچستان عبداللہ خان کی زیر صدارت بلوچستان کے ڈسٹرکٹس کےہیلتھ آفیسرز کی ای پی آئی ویکسینیشن کا جائزہ اجلاس کا انعقاد

جمعہ 19 اپریل 2024 19:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) سیکرٹری صحت بلوچستان عبداللہ خان کی زیر صدارت بلوچستان کے ڈسٹرکٹس کے ہیلتھ آفیسرز کی ای پی آئی ویکسینیشن کے جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر فاروق ہوت ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت عارف خان ، صوبائی کوارڈنیٹر ای پی آئی ڈاکٹر کمالان گچکی ، ڈائریکٹر ایڈمن بلوچستان ہیلتھ کارڈ ڈاکٹر احمد ولی ، صوبائی کوارڈنیٹر کوویڈ پراجیکٹ ڈاکٹر نقیب اللہ خان ، ڈپٹی سیکرٹری ریاست علی ، ڈپٹی ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر ظفر خوستی ، ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر رحمت اللہ کاکڑ ، اسٹاف آفیسر سیکرٹری صحت شوکت بلوچ و دیگر معاونین موجود تھے ۔

اجلاس میں قلعہ عبداللہ ، چمن ، لسبیلہ ، کوئٹہ ، اوستہ محمد ، نصیرآباد ، جعفر آباد ، صبحت پور ، پشین ، حب ، لورالائی ، ژوب ، گوادر ، کیچ اور حب کے ضلعی ہیلتھ آفیسرز ،ڈپٹی ڈپٹی ضلعی ہیلتھ آفیسرز نے آن لائن شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کا مقصد صوبے کے مختلف اضلاع میں ای پی آئی کے زیر انتظام حفاظتی ویکسین اور ضلعی ہیلتھ آفیسرز کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور خامیوں کو دور کرنے کے لئے اقدامات تجویز کرنا تھا ۔

صوبائی کوارڈنیٹر ای پی آئی ڈاکٹر کمالان گچکی نے سیکرٹری صحت کو بریفنگ دیتے ہوے بتایا کہ آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کے تعاون سے کرائے گئے ٹی پی وکس سروے کے مطابق پہلی مرتبہ بلوچستان کے اضلاع میں %89 پارشل ویکسینیشن کے اہداف حاصل کر لیے گئے۔ سیکرٹری صحت بلوچستان عبداللہ خان نے اجلاس میں ڈسٹرکٹس کی سطح پر ای پی آئی کی روٹین ویکسین و حفاظتی ٹیکوں کی کوریج متعین کردہ اہداف ، رکاوٹوں ، اخراجات اور تمام ضلعی ہیلتھ آفیسرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ڈسٹرکٹس میں اچھی کارکردگی دکھانے والے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ، میل / فی میل ویکسینٹر کی حوصلہ افزائی کے لیے شیلڈ اور تعریفی سرٹیفیکٹ دیے جائیں گے ۔

سیکرٹری صحت بلوچستان عبداللہ خان نے کہا کہ بچے کی پیدائش کے فوراً بعد ویکسینیشن اور حفاظتی ٹیکے بیماریوں سے بچاو کا اہم ذریعہ ہے۔