عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور پاکستان ریلویز سے کلیئرنس کے بعد ایک ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا، چیف انجینئر ایف ڈی اے

جمعہ 19 اپریل 2024 20:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) حکومت پنجاب کی خصوصی منظوری سے فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی زیر نگرانی زیر تعمیر عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کا میگا پراجیکٹ پاکستان ریلویز سے کلیئرنس ملنے کے بعد ایک ماہ کی مدت میں مکمل کر لیا جائے گا ، محکمہ ریلویز کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اس میں سلسلے میں متعدد میٹنگز میں معاملات طے اور مطلوبہ واجبات ادا ہو چکے ہیں، فیڈرل جنرل انسپکٹر ریلویز سے فائنل منظوری آئندہ چند روز میں مل جائیگی اور ریلوے لائن والے حصے کا تعمیراتی کام تیز رفتاری سے مکمل کر کے فلائی اوور کی سڑک کی کارپیٹنگ کر دی جائیگی۔

ان خیالات کا اظہار چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب نے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر فلائی اوور کی سائٹ کا خصوصی دورہ کرنے کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے منصوبے کے تعمیراتی پہلوؤں سمیت ارد گرد کے ماحول کا جائزہ لیا اور آمدورفت کے حوالے سے شہریوں کو ہر لمحہ آسانیاں فراہم کرنے کے لئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ عمر اقبال ودیگر افسران کے علاوہ تعمیراتی کمپنی کے نمائندے اس موقع پر موجود تھے۔

چیف انجینئر نے کہا کہ فلائی اوور کے اعلیٰ ترین تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کے ساتھ اسکی تیز ترین تعمیراتی رفتار کو برقرار رکھا گیا ہے تاہم محکمہ ریلوے سے کلیئرنس کے اجراء میں کچھ تاخیر کا معاملہ جلد تکمیل میں آڑے نہیں آئیگا اور بقایا تعمیراتی کام ڈبل شفٹ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے تاکید کی کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث شہری حقوق متاثر نہیں ہونے چاہیں اور تمام تر کھدائیوں، تعمیرات کو شہریوں کے لئے مکمل طور پر محفوظ رکھا جائے جبکہ گردوغبار کے سدباب کے لئے پانی کے چھڑکاؤ اور دیگر انتظامات کو شعوری انداز میں برقرار رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ فلائی اوور کے قریب ٹریفک کے بہاؤ میں مشکل درپیش نہیں ہونی چاہیے ، اس سلسلے میں موجودہ اور متبادل راستوں کو صاف رکھا جائے۔ انہوں نے فالتو اور غیر ضروری میٹریل اور مشینری و دیگر سامان کو اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ صفائی ستھرائی کے لئے خصوصی اقدامات پر عملدرآمد میں کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے انجینئرنگ برانچ کے افسران کو مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی اور کہا کہ شہری سہولیات کے انتظامات میں کسی لمحہ بھی تعطل نہیں آنا چاہیے۔