اسلام آباد ہائیکورٹ کا حج عمرہ سروسز فراہم کرنے والی نجی کمپنیز کی حج کوٹہ کی درخواستوں پر حج پر جانے والے تمام افراد کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کا حکم

جمعہ 19 اپریل 2024 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے حج عمرہ سروسز فراہم کرنے والی نجی کمپنیز کی حج کوٹہ سے متعلق دائر درخواستوں پر حج پر جانے والے تمام افراد کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔۔حج عمرہ سروسز فراہم کرنے والی نجی کمپنیز کی حج کوٹہ سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی۔

عدالت نے حاجیوں کی معلومات کے لیے الرٹ میسجز جاری کرنے اور میسجز میں مکمل گائیڈ لائن فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ہم یہ سارے کیسز التواء میں رکھ رہے ہیں،اگست کے پہلے ہفتہ میں دوبارہ سماعت کریں گے،اس سال ہم بھی حج معاملات کی نگرانی کریں گے۔ عدالت نے وزارت مذہبی امور حکام کو تنبیہ کی کہ اگر کسی نے ٹیکسی سے متعلق بھی شکایت کی تو آپ کی خیر نہیں،ہم ایف آئی اے سے بھی ساری تفصیل منگوا لیں گے ، پیرا میڈیکس سٹاف میں کس کس کو بھیجتے ہیں ؟ہم سارا فرانزک کروائیں گے، آپ بتاتے ہیں کہ اگر دور دراز کے حجاج وہاں جاتے ہیں اور ان کو کوئی مشکل ہو تو کس سے کیسے رابطہ کریں، پرائیوٹ کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ جی ہم نے پچھلے سال اشتہار دیاتھا۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ حج سے واپس آ کر ہمارے پاس آئیں، مختلف گروپس کے لوگوں کو بھی بلائیں گے،ہم پاکستانیوں کو بلا کر پوچھیں گے جو افراد گئے کیا سہولت فراہم کی،ہمارا طبی عملہ بھی جاتا ہے لیکن وہاں نظر کوئی نہیں آتا، اگر ایک بھی شکایت آئی تو ان کے لائسنس منسوخ کر دیئے جائیں گے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ میسج میں شامل کریں،اگر وزارت سے کوئی شکایت ہو تو وزارت کا نمبر بھی لکھا جائے،حاجیوں کو جاری میسج میں پورا میکنزم بھی شامل کرکے انہیں مکمل تفصیل بتائیں۔ عدالت نے سماعت اگست کے پہلے ہفتہ تک کیلئے ملتوی کردی۔