Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی القادر ٹرسٹ کیس کو غیرآئینی التوا کا شکار کی شدید مذمت

القادر ٹرسٹ کیس سراسر سیاسی محرکات پر مبنی ہے جس کا مقصد بانی چیئرمین عمران خان کو ناحق قید میں رکھنا ہے، ترجمان تحریک انصاف

جمعہ 19 اپریل 2024 21:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف نے بے بنیاد القادر ٹرسٹ کیس کو غیرآئینی التوا کا شکار کر کے بانی چئیرمین عمران خان کو ناحق قید میں رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ القادرٹرسٹ مقدمہ بانی چئیرمین عمران خان کے خلاف بنائے گئے بھونڈے، جعلی، جھوٹے اور من گھڑت مقدمات میں سے ایک ہے جس کا مقصد بانی چیئرمین عمران خان کے آئینی حقوق غصب کر کے ان کو ناحق قید میں رکھنا ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ترجمان تحریک انصاف نے القادر ٹرسٹ کیس کو غیرآئینی التوا کا شکار کرنے پر رد سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس سراسر سیاسی محرکات پر مبنی ہے جس کا مقصد بانی چیئرمین عمران خان کے آئینی حقوق غصب کر کے ان کو ناحق قید میں رکھنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کا جرم ایک فلاحی یونیورسٹی کے قیام کے ذریعے غریب اور یتیم بچوں کو سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم اور علومِ اسلامیہ کے ساتھ جدید تعلیم مفت دینے کے سوا کچھ نہیں۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کی کہانی مشرق بنک کی دستاویز کے بعد زمین بوس ہوچکی لہذٰا القادر کیس کے قائم رہنے کا کوئی آئینی و قانونی جواز باقی نہیں رہتا ،انہوں نے واضح کیا کہ ڈیل پر مجبور کرنے اور قوم کی حقیقی آزادی کے حق میں آواز بلند کرنے کی پاداش میں دی جانے والی سزائیں خود عدالتی نظام اور اس سے وابستہ ججز کی بے توقیری کی وجہ بن رہے ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز بیان کرچکے ہیں کہ عمران خان کے خلاف مقدمات اور ان پر سنائی جانے والی سزاؤں کے پیچھے بادشاہ کے خفیہ کارندوں کی محنت ہے انہوں نے کہا کہ پردے کے پیچھے سے فسطائیت کا دھندہ چلا کر قوم کو بیوقوف بنانے کا وقت اب بیت چکا۔ترجمان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ عدالت اپنی ساکھ بچائے اورملک پر قابض غیر جمہوری قوتوں کا مہرہ بننے کی بجائے میرٹ پر مقدمے کا فیصلہ کرے،انہوں نے واضح کیا کہ القادرٹرسٹ مقدمہ بانی چئیرمین عمران خان کے خلاف بنائے گئے بھونڈے، جعلی، جھوٹے اور من گھڑت مقدمات میں سے ایک ہے، انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین اور ان کی اہلیہ محترمہ بشریٰ بی بی نے القادرٹرسٹ یونیورسٹی سے ایک پائی کا ذاتی فائدہ حاصل نہیں کیا جس کے دستاویزی شواہد موجود ہیں۔

Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات