Live Updates

عمران خان نے پیغام دیا ہے21اپریل کو ووٹ کی حفاظت کریں،علیمہ خان

وکلاء نکلیں اور فارم 45 کی حفاظت کریں،ضمنی الیکشن میں دھاندلی کوہر صورت روکیں،ووٹ بہت قیمتی ہے اس کی حفاظت لازمی ہے،عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 20 اپریل 2024 10:43

عمران خان نے پیغام دیا ہے21اپریل کو ووٹ کی حفاظت کریں،علیمہ خان
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اپریل2024 ء) عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے کہ ووٹ کی حفاظت کریں،وکلاءنکلیں اور فارم 45 کی حفاظت کریں،21اپریل کو ہونے والی الیکشن میں دھاندلی کوہر صورت روکیں ،ووٹ بہت قیمتی ہے اس کی حفاظت لازمی ہے ۔لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 21اپریل کو اپنے حق کیلئے گھروں سے نکلیں اور مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو ووٹ سے جواب دیں ۔

عوام ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں کو کامیاب کرائیں اور دھاندلی کی ہر کوشش کو ناکام بنائیں ۔ووٹ کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔وکلاءبھی کل پولنگ سٹیشنوں کے باہر موجود رہیں اور فارم 45کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم پر جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، کل آتش بازی کا انار چلانے کی ایف آئی آر کاٹ دی، مجھ پر اور میری بہن پر 6، 6 مقدمات بنا دئیے گئے۔

دریں اثناءجناح ہاوٴس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان سمیت 34 ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی گئی ہے۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان سمیت 34 ملزمان کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کی بہنیں عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر عدالت پیش ہوئیں۔عدالت نے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر مکمل تفتیشی رپورٹ طلب کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سمیت 34 ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 21 مئی تک توسیع کا حکم دے دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات