علامہ اقبال ایکسپریس کے انجن میں آگ لگ گئی،ٹرینوں کی آمد ورفت کو معطل

جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں،ٹرین کراچی سے سیالکوٹ جا رہی تھی، انجن میں آگ لگنے کا واقعہ فیروزہ کے قریب پیش آیا،ریلو ے حکام

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 20 اپریل 2024 11:40

رحیم یار خان(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اپریل2024 ء) رحیم یار خان کے قریب علامہ اقبال ایکسپریس کے انجن میں آگ لگ گئی جس کے باعث ٹرینوں کی آمد ورفت کو معطل کر دیا گیا،کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں،ٹرین کراچی سے سیالکوٹ جا رہی تھی ، اپ ٹریک بلاک ہونے کے باعث مسافر ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک دیا گیا۔اس حوالے سے ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال ایکسپریس کے انجن میں آگ لگنے کا واقعہ فیروزہ کے قریب پیش آیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور انجن میں لگنے والی آگ کو بجھا دیا جبکہ باقی ٹرینوں کو مختلف سٹیشنوںپر روک دیا گیا ہے ۔خیال رہے کہ چند روز قبل کراچی سے سیالکوٹ جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی تھی ۔

(جاری ہے)

ٹرین کو زوردار جھٹکے لگے تھے جس کے باعث مسافروں کی چیخیں نکل گئیں تھیں۔

ڈرائیور نے حاضر دماغی سے کام لے کر رفتار کم کر کے ٹرین کو حادثے سے بچا لیاتھا۔ ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے سیالکوٹ جانے والی نائن اپ علامہ ایکسپریس بچھیری کے قریب 306_ 307میل کے مقام پر پہنچی تو ٹرین میں اچانک جھٹکے لگنے شروع ہوگئے تھے اور پوری ٹرین بری طرح جھولنے لگی جھٹکے لگنے سے مسافروں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی تھی اور مسافر جن میں خواتین بچے بزرگ شامل تھے چیخنا چلانا شروع ہو گئے تھے ۔

مسافروں کے شور و غل اور ٹرین کی زنجیر کھینچ دیے جانے کے باعث خطرے کو بھانپ کر ڈرائیور نے حاضر دماغی سے کام لے کر ٹرین کی رفتار کم کر دی اور ٹرین کو بہ حفاظت مخدوش پٹڑی سے گزار کرٹرین کو گرنے سے بچا لیا تھا۔2ماہ قبل رحیم یار خان کے قریب مال گاڑی کی 2 بوگیاں پٹری سے اتر جانے سے ڈاﺅن ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت کئی گھنٹے تک معطل رہی تھی۔