پاکستان لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی اور انہیں تعلیم وصحت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے،انجینئر امیر مقام

ہفتہ 20 اپریل 2024 17:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) وفاقی وزیر برائے (سیفران) و امور کشمیر گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ہفتہ کے روز یہاں کمشنریٹ برائے افغان مہاجرین پنجاب لاہور آفس اپر مال سکیم کا دورہ کیا۔چیف کمشنر افغان مہاجرین عباس خان اور کمشنر افغان مہاجرین پنجاب رانا محمد ارشد نے وفاقی وزیر برائے سیفران اور امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کا آفس آمد پر استقبال اورگلدستہ پیش کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر کو کمشنر افغان مہاجرین پنجاب رانا محمد ارشد نے کمشنریٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور سٹاف کے ساتھ تعارف کروایا۔انجینئر امیر مقام نے افغان مہاجرین کے بزنس کمیونٹی کے وفد سے ملاقات کی ، وفد نے وفاقی وزیر کو گلدستہ پیش کیا اور مہاجرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں وفاقی وزیر برائے (سیفران) و امور کشمیر و گلگت بلتستان نے افغان مہاجرین کمشنریٹ آفس کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ اور اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان لاکھوں افغان مہاجرین کی فراخدلی سے میزبانی اور انہیں تحفظ، معاش، تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی افغانی کے ساتھ ناروا سلوک یا ہراسمنٹ کا سختی سے نوٹس لیا جائیگا۔وفاقی وزیر نے کمشنر افغان مہاجرن پنجاب کو ہدایات جاری کیںکہ اٹک سمیت جہاں جہاں ذیادہ افغان مہاجرین آباد ہیں ، یو این ایچ سی آر سے ملکر انہیں تعلیم اور صحت کی مزیدبہتر سہولیات دی جائیں۔

انجینئرامیرمقام کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 14 لاکھ پی او آر ز ہولڈرز، 8 لاکھ ACC کارڈ ہولڈرز اور لاکھوں غیرقانونی رہ رہے ہیں جبکہ پنجاب میں 1 لاکھ 80 ہزار POR اور 80 ہزار ACC کارڈ ہولڈرز موجود اور کئی غیر قانونی اس کے علاوہ ہیں جن کی باعزت اپنے ملک واپسی میں کردار ادا کرتے رہیں گے۔واضح رہے کہ وزارت کا چارج سنبھالنے کے بعد وفاقی وزیر برائے (سیفران) و امور کشمیر گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کا افغان مہاجرین کمشنریٹ پنجاب آفس لاہورکا یہ پہلا دورہ ہے۔