ضمنی انتخابات کا سیکورٹی پلان جاری ،انتخابی حلقہ 03 زون ،04 سرکل،08 سیکٹرز اور 27 سب سیکٹرز میں تقسیم

ہفتہ 20 اپریل 2024 17:29

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) ضلع ڈیرہ پولیس نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 44 پر ہونیوالے ضمنی انتخابات کا سیکورٹی پلان جاری کردیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ ناصر محمود نے ہفتہ کو میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن کے 358 پولنگ اسٹیشنز پر ایلیٹ،آرآر ایف،البرق اور ڈسٹرکٹ پولیس کے مجموعی طور 4000 افسران و جوان اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ممکنہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابی حلقہ کو 03 زون ،04 سرکل،08 سیکٹرز اور 27 سب سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے ہر زون کو ایس پی رینک کا آفیسر ،ہر سرکل کو ڈی ایس پی رینک،سیکٹر پر انسپکٹر رینک کا جبکہ سب سیکٹر کو سب انسپکٹر رینک کا آفیسر کمان کریگا۔ تمام پولنگ اسٹیشنز کے روٹس پر خصوصی موبائل گشت بھی کی جائے گی تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعے رونما نہ ہوسکے۔کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایلیٹ اور آرآر ایف کے دستے پولیس لائن میں الرٹ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر صورت پرامن ماحول میں الیکشن کے انعقادکو یقینی بنائیں گے۔