ارکان پنجاب اسمبلی کے رہائشی ہوسٹل کے تعمیراتی تخمینہ جات میں 20کروڑ روپے کا اضافہ

ہوسٹل کی لاگت 42 کروڑ روپے سے بڑھ کر 62 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، تعمیراتی ٹھیکیدار نے پنجاب حکومت سے مزید 20 کروڑ کی ادائیگی کا مطالبہ کر دیا

ہفتہ 20 اپریل 2024 19:16

ارکان پنجاب اسمبلی کے رہائشی ہوسٹل کے تعمیراتی تخمینہ جات میں 20کروڑ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2024ء) اسلام پورہ میں واقع عوامی نمائندگان کی رہائش گاہ پیپلز ہائوس میں ارکان پنجاب اسمبلی کے رہائشی ہوسٹل کے تعمیراتی تخمینہ جات میں 20کروڑ روپے کا اضافہ ہو گیا جس کے بعد مذکورہ ہوسٹل کی لاگت 42 کروڑ روپے سے بڑھ کر 62 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ لاگت بڑھنے کی وجہ مہنگائی کے اس دور میں تعمیراتی میٹریل کی قیمتوں کا بڑھنا بتائی جاتی ہے جبکہ تعمیراتی ٹھیکیدار نے پنجاب حکومت سے مزید 20 کروڑ کی ادائیگی کا مطالبہ کر دیا۔

واضح رہے کہ اس منصوبے کا آغاز 2021-22 میں ہوا جسے 2023 میں مکمل ہونا تھا اس وقت منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 42 کروڑ روپے لگایا گیا تھا لیکن منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کی وجہ سے لاگت بڑھ گئی ہے۔ یہاں یہ امر قابل زکر ہے کہ پیپلز ہائوس میں ارکان اسمبلی کے لئے 26 کمروں کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے جن میں نئے ایئر کنڈیشنرز نصب کیے جائیں جبکہ بجلی بند ہونے کی صورت میں ایک جدید جنریٹر بھی نصب کیا جائے گا۔ نیا فرنیچر اور نئے پردے تزئین و آرائش کا حصہ ہیں ۔