محنت کشوں کا عالمی دن بھرپوراندازمیں منائیں گے، سلطان خان

یوم مئی پر بلوچستان یونیورسٹی ملازمین کیساتھ اظہار یکجہتی، ریلی اور جلسہ کریں گے

ہفتہ 20 اپریل 2024 20:17

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2024ء) آل پاکستان لیبرفیڈریشن اور پاکستان سنٹرل مائنز لیبر فیڈریشن محنت کشوں کا عالمی دن بلوچستان یونیورسٹی کے ملازمین کیساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منائے گی۔یوم مئی کے موقع پر بلوچستان یونیورسٹی کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ ملکر احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور پھر یونیورسٹی میں ہی جلسہ کیا جائے گا۔

یہ فیصلہ سلطان محمد خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں دونوں فیڈریشن سے منسلک یونینز کے عہدیداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سلطان محمد خان نے فیڈریشن سے ملحقہ یونٹوںکے عہدیداروں کو پابند کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سریاب روڈ پرواقع بلوچستان یونیورسٹی میں صبح دس بجے پہنچیںتاکہ شکاگو کے جانثاروں کو خراج عقیدت پیش کر سکیں اور گزشتہ کئی مہینوں سے اپنی تنخواہوں سے محروم بلوچستان یونیورسٹی کے اساتذہ، آفیسرز اور محنت کش ملازمین کیساتھ اظہار یکجہتی کر تے ہوئے ان کے مسائل کو اُجاگر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں یوم مئی کے موقع پرآل پاکستان لیبرفیڈریشن اور پاکستان سنٹرل مائنز لیبر فیڈریشن کے زیر اہتمام کوئٹہ،کراچی،پشاور،لاہور،اسلام آباد،چکوال،ڈیرہ اسماعیل خان،شانگلہ،شاہرگ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں ریلیاں اور جلسے منعقد کئے جائیں گے۔جس میں محنت کشوں کے مسائل اُجاگر کئے جائیں گئے اور ان کے حل کیلئے حکمرانوں کو تجاویز بھی دی جائیں گی۔