ضمنی الیکشن کے پرامن اور شفاف انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا، آئی جی پنجاب

امن دشمن عناصر پر کڑی نظر ہے، کسی کو بھی الیکشن کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے نہیں دیں گے۔ صوبائی پولیس چیف عثمان انور کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 اپریل 2024 11:00

ضمنی الیکشن کے پرامن اور شفاف انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا، آئی جی ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل 2024ء ) آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس ضمنی الیکشن 2024ء کے پرامن اور شفاف انعقاد کیلئے تیار ہے، پنجاب کے 2 ہزار 599 پولنگ سٹیشنوں میں سے 419 انتہائی حساس جب کہ 1 ہزار 081 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ پنجاب پولیس سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 663 مردانہ، 649 زنانہ، 1 ہزار 289 مشترکہ پولنگ سٹیشنوں پر موجود الیکشن عملے کو بھرپور تحفظ فراہم کیا جارہا ہے، ضمنی الیکشن کے لیے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، امن دشمن عناصر پر کڑی نظر ہے، کسی کو بھی الیکشن کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے نہیں دیں گے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ الائیڈ محکموں، آرمڈ فورسز، سکیورٹی اداروں کے تعاون سے پرامن اور شفاف پولنگ کا عمل یقینی بنائیں گے، ووٹروں، پولنگ عملے، شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے، اس مقصد کے لیے میری ہدایات ہیں کہ تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز، سی ٹی اوز، سینئر افسران تمام تر انتظامات کا خود جائزہ لیں، حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی نفری، ڈولفن فورس، کوئیک رسپانس سمیت دیگر ٹیمیں تعینات ہیں۔

(جاری ہے)

عثمان انور کا مزید کہنا ہے کہ صوبائی، ریجنل، ڈویژنل اور سی پی او کنٹرول رومز سے انتخابی عمل، سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، ہماری جانب سے ضمنی انتخابات کی پولنگ کے دوران الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر من و عن عملدر آمد یقینی بنایا جائے گا، اس حوالے سے پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کی جاچکی ہے، اس دوران اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، لڑائی جھگڑے، انتخابی عمل کو سبوتاژ پر بلا تفریق کارروائی ہوگی، پولیس افسران سکیورٹی ایجنسیز، آرمڈ فورسز، ضلعی انتظامیہ سمیت تمام اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔