Live Updates

پورے صوبے میں صفائی کا یکساں نظام رائج کیا جائے گا، صوبائی وزیر بلدیات

اتوار 21 اپریل 2024 17:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2024ء) صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا جامع اور جدید نظام متعارف کروایا جائے گا اور پورے صوبے میں صفائی کا یکساں نظام رائج کیا جائے گا، اس سلسلہ میں تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کو آپریشنل ماڈل پر جائنٹ ورکنگ کرکے رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں جبکہ صفائی کے یکساں اور جدید نظام کو متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ بلدیاتی نظام اور میونسپل سروسز کے معیار اور پائیداری کیلئے درجہ منصوبہ بندی کی جائے۔

یہ بات انہوں نے آج کیمپ آفس ڈسکہ میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ انور علی کانجو، چیف آفیسر ضلع کونسل الفت شہزاد، ایس ڈی او میونسپل کمیٹی ڈسکہ عزیر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران حلقہ پی پی 51 کے سیاسی و سماجی رہنما بھی کثیر تعداد میں یہاں موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ بلدیات میں اصلاحات کی وجہ سے پیدا ہونے والی آسامیوں پر میرٹ پر نوکریاں دی جائیں گی جس سے عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صفائی کا پائیدار نظام متعارف کروانے کے لیے مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مجوزہ منصوبے کو مکمل کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر بلدیات نے حالیہ بارشوں میں ڈسکہ شہر کے نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کے فوری نکاسی پر میونسپل کمیٹی ڈسکہ کے مقامی حکام اور ورکرز کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ محنت اور جانفشانی سے فرائض منصبی کی انجام دہی پر ملازمین کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ غفلت اور تساہل پر سختی سے محاسبہ کیا جائے گا۔

انہوں نے چیف آفیسر ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈویلپمنٹ اسکیموں کی مقررہ ٹائم لائن پر تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور منصوبوں کے معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ صوبائی وزیر بلدیات نے حلقہ کے عوام کی جانب سے مختلف محکموں کے متعلقہ شکایات کی سماعت کی اور ان کے حل کیلئے احکامات صادر کئے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات