gعلامہ اقبال کی مسلمانان ہند کی آزادی اور الگ تشخص

oکیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا: ادریس شاہ زنجانی

اتوار 21 اپریل 2024 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2024ء) سجادہ نشین پیر سید ادریس شاہ زنجانی نے کہاہے کہ مفکر پاکستان شاعر مشرق علامہ محمد اقبال برصغیر کی عظیم شخصیت تھے۔ان کی مسلمانان ہند کی آزادی اور الگ تشخص کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔علامہ محمد اقبال نے نوجوانوں اور بچوں کی رہنمائی کے لئے بھی سبق آموز نظمیں لکھیں۔

انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے زندگی کی حقیقت اور حیات کا مقصد سمجھایا۔ ان کی شاعری کو سکول کے بچوں میں نصاب کا لازمی جز بنایا جایا توہمارے نوجوان ملک پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک میں نمایاں مقام دلوا سکتے ہیں کیونکہ یہاں کی مٹی بہت ذرخیز ہے اور ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔ علامہ اقبال کو عاشق رسول غازی علم الدین شہید کے جسد خاکی کو لحد میں اتارنے کا شرف بھی حاصل ہوا۔

(جاری ہے)

آپ نے اس موقع پر فرمایا تھا کہ ’’اسیں گلاں کردے رہ گئے تے ترخاناں دا منڈاں بازی لے گیا‘‘۔ علامہ اقبال خود بھی بہت بڑے عاشق رسولؐ تھے۔ ان کی عشق کی جھلک آپ کی شاعری میں نمایاں نظر آتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جامع مسجد شاہ زنجان میں علامہ محمد اقبال کے یوم وفات کے حوالے سے منعقدہ محفل کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پیر سید ادریس شاہ زنجانی نے ملکی سلامتی، فلسطین اور کشمیر کی آزادی اور علامہ محمد اقبال کے دراجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کروائی۔ پیر سید ادریس شاہ زنجانی کا کہنا تھا کہ علامہ محمد اقبال کو اس امر کا پختہ یقین تھا کہ مسلمانوں کی بقا صرف اور صرف اپنے الگ تشخص کے تحفظ میں ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنا الگ اور آزاد سیاسی تشخص اور پروگرام طے کر کے اپنی جدوجہد آزادی کو آگے بڑھائیں۔