سپریم کورٹ میں آئندہ عدالتی ہفتہ کے دوران دو 6رکنی ، ایک 5رکنی لارجر بنچز سمیت 10 مختلف بنچز کیسز پر سماعت کریں گے

اتوار 21 اپریل 2024 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2024ء) سپریم کورٹ میں آئندہ عدالتی ہفتہ کے دوران دو 6رکنی ، ایک 5رکنی لارجر بنچز سمیت 10 مختلف بنچز کیسز پر سماعت کریں گے ۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق 22 تا 26اپریل 2024 کے دوران آئندہ عدالتی ہفتہ میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کراچی رجسٹری میں مختلف اہم نوعیت کے کیسز پر سماعت کرے گا ۔

سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں جسٹس یحییٰ خان آفریدی ، جسٹس امین الدین خان ، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل 5رکنی لارجر بینچ سندھ میں کنٹونمنٹ بورڈز میں ٹیکس سے متعلق درخواستوں پر سماعت کرے گا ۔ اسی طرح جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کا 6 رکنی لارجر بینچ فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائلز کے خلاف درخواستوں پر سماعت کرے گا ۔

(جاری ہے)

مزید برآں جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں دو رکنی، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی ، جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں تین رکنی ، جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی ، جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی ، جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں تین رکنی اور جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ مختلف اہم نوعیت کے کیسز کی سماعت کرے گا۔