Live Updates

(9مئی کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ورکرز کو تشدد کا نشانہ بنا کر پابند سلاسل کردیاگیا، دائود شاہ کاکڑ

فارم 47 کے امیدواروں کو لندن پلان کے تحت پارٹی کے مینڈیٹ چوری پر ڈاکہ ڈالا گیا جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں،صوبائی صدر پاکستان تحریک انصاف

اتوار 21 اپریل 2024 21:05

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر دائود شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ 9مئی کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ورکرز کو تشدد کا نشانہ بنانے اور پابند سلاسل رکھ کر فارم 47 کے امیدواروں کو لندن پلان کے تحت پارٹی کے مینڈیٹ چوری پر ڈاکہ ڈالا گیا جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ڈیمو کریٹک موومنٹ بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اسفندیار خان کاکڑ کی پارٹی سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں اتوار کو پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر سردار خادم حسین ورگ، دائود اوتمانخیل، آصف ترین، نور خان خلجی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو پارٹی کا مینڈیث چوری کرکے عوامی حمایت سے محروم لوگوں کو ایوان میں لاکر جعلی نمائندوں کو مسلط کیا گیا ۔

(جاری ہے)

بانی پی ٹی آئی اور ان کے فیملی اور ورکرز کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اس کے باوجود بھی جماعت دو تہائی اکثریت سے جیت گئی ہم عمران خان کی پالیسی پر گامزن ہوکر ٹیم ورک کے تحت اپنا کردار ادا کررہے ہیں ۔ اسٹیبلشمنٹ نے فارم 47 سے کے ذریعے سیاسی انجینئرنگ کرکے جن لوگوں کو ایوانوں میں بھیجا ہے وہ ڈرگ مافیا، جرائم پیشہ عناصر اور ان کا سیاست سے دور دور کا واسطہ نہیں ایسے لوگ عوام کی خدمت کی بجائے اپنی جیبیں بھر کر عوام کے حقوق غضب کریں گے جس سے ملک معاشی، داخلی، خارجی مسائل کی دلدل میں پھنس چکا ہے جس کا خمیازہ ملک کے عوام بھگت رہے ہیں۔

دائود شاہ کاکڑ نے اسفند یار خان کاکڑ کی شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی فعالیت اور مضبوطی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے پاکستان تحریک انصاف بلوچستان سمیت ملک بھر کی مقبول جماعت ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں پارٹی کو کوئی کمزور نہیں کرسکتا بلکہ تشدد اور راستہ روکنے سے لوگ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہوکر حالات کا مقابلہ کریں گے اور بانی پی ٹی آئی کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں گے۔

اس موقع پر نیشنل پارٹی ڈیموکریٹک موومنٹ بلوچستان کے جنرل اسفند یار خان کاکڑ نے اپنے ساتھیوں سمیت مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو لورالائی سمیت بلوچستان بھر میں فعال بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کروں گا اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں دائود شاہ کاکڑ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی لندن پلان کے تحت فارم 47 کے ذریعے عوام پر مسلط کئے گئے ۔ ملک کی عدلیہ بے بس خود انصاف مانگ رہی ہے ایسے حالات میں ہمیں انصاف کون دے گا یہ تمام طریقہ کار ملک کے مفاد میں نہیں تمام اداروں کو اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا ہوگاتاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوسکیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات