بھارتی ٹیم پہلے پاکستان آئے پھر کسی آپشن پر بات ہوگی: محسن نقوی

پاک بھارت سیریز کا آپشن آیا تو دیکھیں گے، چیمپئنز ٹرافی تک پاکستان ٹیم بہت مصروف ہے : چیئرمین پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 22 اپریل 2024 11:04

بھارتی ٹیم پہلے پاکستان آئے پھر کسی آپشن پر بات ہوگی: محسن نقوی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 اپریل 2024ء ) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے روہت شرما کی جانب سے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی خواہش کا جواب دے دیا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھارتی کپتان روہت شرما کی جانب سے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی حمایت کے سوال پر کہا کہ چیمپئنز ٹرافی تک پاکستان ٹیم بہت مصروف ہے، پہلے بھارتی ٹیم ایونٹ میں پاکستان آئے پھر کوئی آپشن دیکھیں گے۔

ایل سی سی سی اے گراﺅنڈ میں انٹرکلب کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں محسن نقوی نے کہا کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچز کیلئے انٹرویوز چل رہے ہیں، چند روز میں اعلان بھی ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز کے بعد ہوجائے گا، فاسٹ بولر احسان اللہ کے علاج میں کوتاہی کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیں گے، ہر کھلاڑی اہم ہے، اعظم خان کی انجری کو خود مانیٹر کررہا ہوں۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کےلئے انٹرنیشنل کمپنیوں سے رابطے کی وجہ سے ایک سے ڈیڑھ ماہ کی تاخیر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کے قریب ہوٹل کی تیاری کیلئے اخراجات کا محتاط انداز میں جائزہ لیا جارہا ہے، پی ایس ایل ونڈو کے حوالے سے فرنچائزز سے بات چیت جاری ہے۔ چئیرمین پی سی بی نے کہا کہ انٹرکلب ٹورنامنٹ میں 3300 سے زائد کلبز شریک ہوں گے، 7200 میچز جولائی تک مکمل ہوں گے، بہترین کرکٹرز کو اکیڈمی میں ٹریننگ دیکر قومی ٹیم کا بیک اپ تیار کریں گے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان کپتان روہت شرما نے سابق انگلش کپتان مائیکل وان کے ساتھ پوڈ کاسٹ میں کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچز بہت شاندار ہوں گے کیونکہ پاکستان زبردست ٹیم ہے اور اس کی بولنگ بہت مضبوط ہے۔ روہت شرما نے یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کا مقابلہ تگڑا ہوگا خاص طور پر اگر یہ باہر کی کنڈیشن میں ہو، میں باضابطہ سیریز کے حق میں ہوں، میری رائے خالص کرکٹ پر مبنی ہے اس کے علاوہ کچھ نہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت نے آخری بار دو طرفہ ٹیسٹ سیریز 2007ء میں کھیلی تھی جب پاکستان بھارت کے دورے پر تھا اور اسے 0-1 سے شکست ہوئی تھی۔