Live Updates

ایرانی صدر کی آمد،کل لاہور میں عام تعطیل کا اعلان

چیف سیکریٹری پنجاب کی منظور ی سے سیکشن افسر صفدر شبیر نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا،تعطیل کا اطلاق صرف ضلع لاہور پر ہوگا ،کل تمام تعلیمی ادارے سکول کالج یونیورسٹیزبند ہونگی ،پنجاب سو ل سیکرٹریٹ اور ڈویژنل دفاتر کھلے رہیں گے

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 22 اپریل 2024 16:34

ایرانی صدر کی آمد،کل لاہور میں عام تعطیل کا اعلان
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 اپریل2024 ء) ایران کے صدر ر ابراہیم رئیسی کے دورہ لاہور کے موقع پر کل لاہور میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے،چیف سیکریٹری پنجاب کی منظور ی سے سیکشن افسر صفدر شبیر نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے ،نوٹی فکیشن کے مطابق تعطیل کا اطلاق صرف ضلع لاہور پر ہوگا جبکہ پنجاب سول سیکریٹریٹ سے منسلک محکموں میں تعطیل نہیں ہوگی۔

کل تمام تعلیمی ادارے سکول کالج یونیورسٹیزبند ہونگی تاہم پنجاب سو ل سیکرٹریٹ اور ڈویژنل دفاتر کھلے رہیں گے۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایرانی صدر کل اپنے دورہ لاہور کے دوران مزار اقبال پر حاضری دیں گے اس کے علاوہ ایرانی صدر کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات بھی متوقع ہے ۔ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ لاہور کے موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے مختلف ضلعی افسران کی ڈیوٹیاں لگا دی ہیں ۔

(جاری ہے)

اے ڈی سی ہیڈ کوارٹر شاہد عباس کاٹھیا، اے سی کینٹ نبیل میمن سمیت دو زونل افسران حاجی ٹرمینل پر ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ اے ڈی سی ایف اینڈ پی عمر مقبول، اے سی ہیڈ کوارٹر انعم سمیت دو زونل افسران کو مزار اقبال پر تعینات کیا گیا ہے۔دریں اثناءکمشنر کراچی نے بھی ایرانی وفد کی آمد کے موقع پر منگل کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہوا ہے۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی کے نوٹی فکیشن کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی 23 اپریل کو کراچی آمد پر عام تعطیل ہوگی۔

اس دن تمام نجی اور سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔ایرانی صدر کے دورہ کراچی کے موقع پر سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) نے کل ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔ایس پی ایس سی کے ناظم امتحانات نے اعلان کردہ عام تعطیل کے نتیجے میں، حیوانیات، ریاضی، نباتیات اور کمپیوٹر سائنس میں لیکچرر (BPS-17) کی اسامی کیلئے انٹرویوز سے پہلے کا تحریری امتحان کراچی سمیت حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ کے تمام مراکز میں ملتوی کردیا ہے۔کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ کے تمام مراکز میں تحریری امتحان 08 مئی 2024 بروز بدھ تک ملتوی کر دیا گیا ہے جبکہ باقی شیڈول اور SOPS وہی رہیں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات