سندھ پولیس کی لازوال قربانیوں کے طفیل آج کراچی امن کا گہوارہ ہے، قتل غارت گری کا بازار گرم کرنے والے بھی سندھ پولیس پر تنقید کررہے ہیں، فرید میمن

پیر 22 اپریل 2024 22:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2024ء) سیکریٹری اطلاعات و نشریات پیپلز یوتھ کراچی ڈویژن فرید میمن نے کہا ہے کہ سندھ پولیس کی لازوال قربانیوں کے طفیل آج کراچی امن کا گہوارہ ہے، قتل غارت گری کا بازار گرم کرنے والے بھی سندھ پولیس پر تنقید کررہے ہیں،شہر قائد میں بھتہ خوری ،اغواء اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے پر سندھ پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیکریٹری اطلاعات و نشریات پیپلز یوتھ کراچی ڈویڑن فرید میمن نے مزید کہا کہ کراچی میں قیام امن کیلئے پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں،بھتہ مافیا،لینڈ مافیا،جرائم پیشہ گروہوں اور منشیات فروشوں کے خلاف سندھ پولیس کے بھرپور اقدامات کے نتیجے میں آج اہلیان شہر قائد سکھ کا سانس لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہڑتالوں اور بوری بند لاشوں کے تحفے دینے والے عوام دشمنوں کی جانب سے سندھ پولیس پر بے جا تنقید قابل مذمت ہے،مٹھی بھر شر پسند عناصر کراچی میں امن قائم ہونے پر نالاں ہیں کیونکہ شرپسندوں کی دکانداری ختم ہوکر رہ گئی ہے۔ فرید میمن نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سٹی حکومت اور صوبائی حکومت عوام کی خدمت کیلئے دن رات سرگرم عمل ہیں،عوام کے مسترد شدہ عناصر پیپلزپارٹی کی بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت سے سخت خوفزدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جیالے عوامی مسائل کے حل اور قیام امن کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے،کارکنان عوام کی خدمت جاری رکھیں گے اور کراچی کے عوام کو تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے،عوامی مسائل کے حل کیلئے ہمارے دروازے ہر خاص وعام کیلئے کھلے ہیں،بلاتفریق عومی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔ #