ہرصوبے میں جلسے کروں گا دیکھتا ہوں کون مجھے روکے گا

حق اگرنہیں دیا جاتا تو چھین لیں گے، 9 مئی کے بعد ورکرز اور پولیس کو آمنے سامنے لایا جا رہا ہے، لوگوں پر 9 مئی کی ایف آئی آرز ختم کر کے دکھائوں گا، علی امین گنڈاپور کا اعلان

muhammad ali محمد علی پیر 22 اپریل 2024 21:00

ہرصوبے میں جلسے کروں گا دیکھتا ہوں کون مجھے روکے گا
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اپریل2024ء) علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ہرصوبے میں جلسے کروں گا دیکھتا ہوں کون مجھے روکے گا، حق اگرنہیں دیا جاتا تو چھین لیں گے، 9 مئی کے بعد ورکرز اور پولیس کو آمنے سامنے لایا جا رہا ہے، لوگوں پر 9 مئی کی ایف آئی آرز ختم کر کے دکھائوں گا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلی خیبرپختونخواہ علی امین علی گنڈا پور نے ضمنی الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ ضمنی انتخابات میں بد ترین دھاندلی کو دہرایا گیا ۔

ہمارے امیدواروں کے دفاتر جلائے گئے اور انتخابی مہم نہیں چلانے نہیں دی گئی تاہم انہوں نے کہاکہ ہم باجوڑ میں الیکشن میں عوامی فیصلے کا احترام کرتے ہیں وہاں حکومت نے کوئی مداخلت نہیں کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے ہمیں بجلی چوری کے معاملے پر خط لکھا گیا ۔ ان پر واضع کر دینا چاہتا ہوں کہ اپنے صوبے کے عوام کو ہر گز چور نہیں کہنے دوں گا ۔

بجلی چوری واپڈا حکام کی ملی بھگت کے بغیر نہیں ہو سکتی ۔ انہوں نے تمام صوبوں میں ورکرز کنونشن کے آغاز کا اعلان کرتے ہوے کہا کہ ہر صوبے میں جائوں گا دیکھتا ہوں مجھے کون روکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حق اگرنہیں دیا جاتا تو چھین لیں گے ۔ اس حوالے سے ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات کی جائے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پہلے سینٹ میں ہماری سیٹیں واپس کی جائیں پھر الیکشن کروائے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کے خلاف مقدمات درج کر کے انھیں اٹھایا جا رہا ہے ۔ نو مئی کے بعد ورکرز اور پولیس کو آمنے سامنے لایا جا رہا ہے ۔ بغیر مینڈیٹ بیٹھے لوگ ہمیں جوابی رد عمل پر مجبور کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے انتخابات کے ساتھ کھلواڑ کیا ۔ اگر میں نے اٹھارہویں ترمیم کا اختیار استعمال شروع کیا تو ان کو لگ پتا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جتنے بھی لوگوں پر نو مئی کی ایف آئی آر ہیں وہ ختم کر کے دکھائوں گا ۔