آج کی نسل بہت باصلاحیت ہے ، آرٹس کونسل اس ٹیلنٹ کی قدر کرتا ہے، سابق وزیر اطلاعات وصدرآرٹس کونسل محمداحمد شاہ

?اتوار 21اپریل کو ہونے والی میڈیا نائٹ میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، ہمایوں سعید، فہد مصطفی، کبری خان، بشری انصاری سمیت شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات کی شرکت

پیر 22 اپریل 2024 21:30

/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2024ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور اسٹیج بگز پروڈکشن کے مشترکہ تعاون سے مزاح سے بھرپور ڈرامہ ’’ہوٹل جانِ جاں‘‘کی میڈیا نائٹ کا اہتمام کیا گیا، میڈیا نائٹ میں سابق وزیر اطلاعات و صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، معروف اداکار ہمایوں سعید، فہد مصطفی، کبری خان ،بشری انصاری سمیت شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،اس موقع پر صدر آرٹس کونسل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کی نسل میں بہت ٹیلنٹ ہے ، ہمارے پاس ایکسٹرا اور ارڈنری ٹیلنٹ ہے اور آرٹس کونسل اس ٹیلنٹ کی قدر کرتا ہے یہ ایک پلیٹ فارم ہے جہاں آپ آکر اپنے ٹیلنٹ کو سامنے لا سکتے ہیں ،آج جو بچے اس اسٹیج پر پر فارم کر رہے ہیں یہ وہ بچے ہیں جو باقاعدہ ٹرین ہو کرآئے ہیں انہیں پروڈکشن کا پتہ ہے انہیں موومنٹ کا پتہ ہے ان کو پتہ ہے کہ کس طریقے سے کس وقت کیا کرنا ہے، میں یہ چاہوں گا کہ بڑے بڑے پروڈکشن ہاوسز اپنے نئے پراجیکٹس کے لئے آرٹس کونسل اکیڈمی کے طلباء کو موقع دیں۔

(جاری ہے)

میں آپ سب کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ یہاں اسٹیج پر پرفارم کرنے والی پوری ٹیم کو آپ لوگوں نے حوصلہ دیا ہے۔’’ہوٹل جانِ جاں‘‘ کے پروڈیوسر اور بانی رحیم بخاری ہیں جبکہ تھیٹر کے ہدایت کار فرحان عالم صدیقی ہیں، ڈرامہ کی کاسٹ میں معروف اداکار یاسر حسین، عمر عالم، صبیحہ ضیا، فضا منیر، شیرل جان، زوبی فاطمہ، محمد عاصم اور منیب شیخ شامل ہیں، تھیٹر میں یاسر حسین اور عمر عالم شاندار اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے نظرآ ئے ، فرحان عالم صدیقی کی ہدایت کاری میں بننے والا یہ ڈرامہ دوستی اور دل چھو لینے والے لمحات کے ساتھ مل کر مسکراہٹیں پھیلاتا ہے جو کہ آخری پردے کی کال کے بعد بھی ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑے رکھتا ہے، ’’ہوٹل جانِ جاں‘‘ گمشدہ شناختوں کے درمیان افراتفری کو کھولتا ہے۔

واضح رہے کہ اسٹیج بگز پروڈکشن اپنے ڈرامے "ہوٹل جان جاں" کے ساتھ پرفارمنگ آرٹس کمیونٹی میں تخلیقی صلاحیتوں اور فنکارانہ مہارت کو فروغ دینے کے لیے بھی پرعزم ہے۔آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے ممبران تھیٹر ’’ہوٹل جانِ جاں‘‘ کے ٹکٹ 50فیصد ڈسکاونٹ پر آرٹس کونسل سے حاصل کرسکتے ہیں۔